ایچ بی ایل PSL-2021 کا آفیشل ترانہ ” گروو میرا ” ریلیز کر دیا گیا

کراچی : حبیب بینک لمیٹیڈ PSL-2021 کا آفیشل ترانہ ” گروو میرا ” ریلیز کر دیا گیا ہے ۔ ترانہ نصیبو لعل، آئمہ بیگ اور ینگ اسٹنرز کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے ۔

ویڈو میں بابر اعظم، شاداب خان، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور وہاب ریاض جلوہ گر ہوئے ہیں ۔ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2021 کا آفیشل ترانہ "گروو میرا” ریلیز کر دیا گیا ہے ۔ یہ ترانہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر دستیاب ہو گا ۔ جب کہ پاکستان کے معروف ٹی وی چینلز بھی اس ترانے کو نشر کریں گے ۔

یہ ترانہ دنیا بھر میں موجود ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے مداحوں کی کھیل سے محبت اور لیگ سے قربت کی ترجمانی کرتا ہے ۔ اس ترانے میں کورونا وائرس کے بعد پیدا شدہ حالات پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے کہ جہاں اسٹیڈیم تو خالی ہیں مگر مداح اپنے گھروں میں ٹی وی اسکرینز کے سامنے بیٹھ کر میچ دیکھتے نظر آتے ہیں ۔

مذید پڑھیں :دعوت اسلامی اور KMC ملکر شہر میں شجر کاری کریں گے

اس ترانے کی تیاری میں پاکستان کے فوک، پاپ اور ہپ ہاپ گلوکاروں نے شرکت کی ہے ۔ فوک گلوکارہ نصیبو لعل، پاپ گلوکارہ آئمہ بیگ اور ہپ ہاپ سپر اسٹارز ینگ اسٹنرز نے ترانے میں اپنی آواز کا جادہ جگایا ہے ۔

اس ترانے کی ویڈیو کو فدا معین نے ڈائریکٹ کیا ہے جبکہ چھ معروف کرکٹرز بھی ترانے کی آفیشل ویڈیو میں جلوہ گر ہوئے ہیں ۔ ان کھلاڑیوں میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان، ملتان سلطانز کے شان مسعود، لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی، پشاور زلمی کے وہاب ریاض، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سرفراز احمد اور کراچی کنگز کے بابر اعظم شامل ہیں ۔

ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی بابر حامد کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا بلاک بسٹر ترانہ ” گروو میرا” فینز کو لیگ سے جوڑنے میں مدد کرے گا، ہم نے اس ترانے کے معیارپر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، لہٰذا پر امید ہیں کہ اس ترانے کو ملک اور بیرون ملک موجود مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جائے گا ۔ بابرحامد نے کہا کہ لیجنڈری نصیبو لعل اور پاپ اسٹار آئمہ بیگ کی ایک اپنی پہچان ہے، ان دونوں گلوکاروں سمیت نوجوان ہپ ہاپ اسٹارز ینگ اسٹنرز کی گائیگی نے ترانے کو چار چاند لگا دیئے ہیں۔

مذید پڑھیں :فتنہ قادیانیت سے متعلق 7 فروری کو ریاست بہاول پور کا تاریخی فیصلہ

انہوں نے کہا ہمیں امید ہے کہ ترانے کی ریلیز کے بعد اب اگلا مرحلہ شائقین کرکٹ کی نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور آمد ہے کہ جہاں انہیں سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محدود تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرنے والے تماشائی اب کراچی اور لاہور میں کرکٹ ایکشن اور گروو میرا دونوں سے محظوظ ہوں گے ۔

نصیبو لعل نے کہا کہ انہوں نے کبھی ایسا ترانہ نہیں گنگنایا، لہٰذا اس ترانے کی تیاری میں انہیں بہت لطف آیا ہے۔ آئمہ بیگ نے کہا وہ بہت خوش ہیں کہ انہیں اس ترانے میں گائیگی کا موقع ملا، پرامید ہیں کہ یہ ترانہ فینز کو پسند آئے گا ۔ ینگ اسٹنرز، طلحٰہ یونس کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل سکس کے آفیشل ترانے میں گائیگی کا موقع ملنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے، یہ ترانہ ماضی کے ایڈیشنز سے ہٹ کر بنایا گیا ہے، امید ہے فینز کو پسند آئے گا ۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *