آرٹس کونسل میں ایرانی ثقافت کی نمائش جاری

ایرانی ثقافت

کراچی : ایرانی فنکار فن اور تخلیق میں بے حد صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہم پاکستانی بہن بھائیوں کو ایران میں خوش آمدید کہتے ہیں کہ وہ وہاں آکر ہماری ثقافت دیکھیں۔

آرٹس کونسل آنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے. احمد شاہ کے بھرپور تعاون کی وجہ سے ہم نے آرٹس کونسل میں بہت سے پروگرامز کیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار قونصل جنرل ایران احمد محمدی نے کراچی آرٹس کونسل میں منعقدہ ایرانی ثقافتی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ نمائش کا اہتمام انقلاب اسلامی ایران کی بیالسویں سالگرہ کی مناسبت سے خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران اور کراچی آرٹس کونسل کے مشترکہ تعاون سے کیا گیا تھا

مزید پڑھیں: آرٹس کونسل میں کاظم سعید کی کتاب “دو پاکستان” کی تقریبِ رونمائی کا انعقاد

ایرانی قونصل جنرل احمد محمدی نے مزید کہا کہ کرونا وبا کے باوجود صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے ثقافتی سرگرمیوں کو جاری رکھا. یہ ان کی ثقافت سے محبت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان محبتوں کا سلسلہ جاری رکھنے کے لئے ایسے اقدامات کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات نسلوں پر محیط ہیں۔ ہمارا ایران سے ثقافتی رشتہ نہایت مضبوط ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ایران کی تہذیب دنیا کی بڑی تہذیبوں میں سے ایک ہے جو کہ نہایت مضبوط تہذیب ہے، چاہے وہ خطاطی ہو یا مصوری یا پھر فلم سازی۔ ایران کے ساتھ ثقافتی رشتے کو مزید مضبوط کرنے کے لئے خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران اور ایرانی قونصلیٹ کے ساتھ مل کر اس نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر صدر آرٹس کونسل نے اعلان کیا کہ خانہ فرہنگ کے تعاون سے آرٹس کونسل بہت جلد فارسی زبان سیکھانے کی کلاسز کا آغاز کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں: جران ناصر کا دہرا معیار

نمائش سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران بہرام کیان نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی بہت سی اقدار مشترک ہیں، دونوں ممالک کی ثقافت ملتی جلتی ہے۔ اس نمائش کا مقصد دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط کرناہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر آرٹس کونسل احمد شاہ کے شکرگزار ہیں کہ اس نمائش کے انعقاد میں بھرپور تعاون کیا ہے۔ اس موقع پر کراچی آرٹس کونسل کے آرٹس اسکول کے پرنسپل شاہد رسام اور ادیبہ فاطمہ حسن نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

تین روزہ ایرانی ثقافتی نمائش 4 فروری تک آرٹس کونسل کراچی منظر اکبر ہال میں جاری رہے گی۔ جہاں ایرانی ثقافت کی عکاسی کرتی دستکاریاں، تصاویر، کتابیں اور فلم شوز نمائش کے لئے پیش کئے جارہے ہیں۔ نمائش صبح 11 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *