حنیف عابد کی ادب کے حوالے سے بڑی خدمات ہیں : مظہر ہانی

کراچی : ہانی ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام معروف ادیب، صحافی اور شاعر جناب حنیف عابد کی بچوں کے لئے لکھی گئی کتاب ” جگمگ تارے ” کی تقریب پذیرائی اور انجم خان کی یاد میں مشاعرے کا اہتمام کیا گیا۔

جس کی صدارت معروف شاعر اور صحافی اختر سعیدی نے فرمائی مہمان خصوصی جدہ سعودی عرب سے تشریف لائے ہوئے اردو مرکز جدہ کے سیکریٹری حامد اسلام خان جبکہ مہمان اعزازی معروف شاعرضیا حیدر زیدی تھے۔ نظامت کے فرائض محمد علی گوہر نے ادا کئے۔ تلاوتِ کلام پاک سے تقریب کا آغاز ہوا ۔

خطبہ  استقبالیہ پیش کرتے ہوئے میزبانِ محفل مظہر ہانی نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ ادا کیا . انہوں نے کہا کہ ہانی ویلفیئر ایسی ادبی تقریبات اور مشاعرے ان لوگوں کے اعزاز میں منعقد کرتی ہیں جن کی ادب کے لئے بڑی خدمات ہیں۔ حنیف عابد کی ادب کے حوالے سے بڑی خدمات ہیں اور بچوں کے لئے انہوں بہت لکھا ہے اور یہ بڑا مشکل کام آج کی یہ تقریب پذیرائی جگمگ تارے کے حوالے سے یادگار تقریب ہے ۔

اپنے دوست انجم خان کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ ایک بہترین سماجی رہنما اور ادب دوست شخصیت تھے۔ انہوں کہاکہ ہانی ویلفیئر آرگنائزیشن فلاحی کاموں کے ساتھ ساتھ ادبی خدمات بھی جاری رکھے ہوئے ہے ۔ صدر محفل اختر سعیدی نے اظہار خیال کرتے ہوئے ہانی ویلفیئر کی کاوشوں کو سراہا اور حنیف عابد اور جگمگ تارے کے حوالے سے منظوم خراج تحسین پیش کیا۔

مہمان خصوصی حامد اسلام خان نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہانی ویلفیئر خدمتِ خلق کے ساتھ ساتھ اردو ادب کے فروغ کے لئے گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے حنیف عابد کی ادبی خدمات کو بھی سراہا اور انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، مہمان اعزازی ضیاءحیدر زیدی نے ہانی ویلفیئر آرگنائزیشن کے روحِ رواں مظہر ہانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ مظہر ہانی اردو ادب کی بھی خدمت کر رہے ہیں , میں انہیں مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے حنیف عابد نے ہانی ویلفیئر اور تمام شرکار کا شکریہ ادا کیا۔ صاحبِ صدر اور دیگر مہمانوں کو اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا۔ مسند نشینوں کے علاوہ جن شعراءنے کلام پیش کیا ان میں، محمد علی گوہر، مظہر ہانی، تاج علی رعنا، عاشق شوقی، عامر ثانی، عاشق بلوچ، جمیل ادیب سید، عبدالصمد تاجی، خالد عمران مطہر، گلِ انور میمن، یوسف چشتی، افضل ہزاروی، اسحاق خان، ڈاکٹر نثار احمد نثار، انور انصاری اور دیگر شامل تھے۔ تقریب کے اختتام پر تمام مہمانوں کے لئے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا تھا ۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *