واٹر بورڈ افسران نے اپنا ہی آفیسرز کلب توڑ ڈالا ،

سپریم کورٹ کے واضح احکامات پر واٹربورڈ آفیسر کلب اور اس میں قائم شادی ہال مسمار کیاجارہا ہے ،اب تک کلب کی باونڈری وال، بکنگ آفس،مرکزی دروازے سمیت دیگر تعمیرات منہدم کردی گئی ہیں،ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان نے ڈپٹی کمشنر شرقی کے ساتھ کارروائی کا معائنہ کیا ،سپریم کورٹ کے احکامات پر من وعن عملدرآمد کیا جائے گا.

ایم ڈی واٹربورڈ اسدالللہ خان نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے واٹربورڈ نائنتھ مائلز کارساز کے دفاتر کے ساتھ قائم واٹربورڈ آفیسر زکلب اور اس میں گرینڈ مارکیو کے نام سے قائم شادی ہال کو مسمار کرنے کی ہدایات جاری کردیں ،ان ہدایات پر واٹربورڈ کے چیف سیکیورٹی آفیسر و ڈائریکٹر انفورسمنٹ تابش رضا حسنین اور ایگزیکٹیو انجینئر کے ڈی سول ون عمران عبداللہ نے واٹربورڈ کے عملے کے ساتھ آفیسرز کلب اور شادی ہال مسمار کرنے کیلے کارروائی کا آغاز کردیا ہے .

اب تک کلب کی باونڈروال، مرکزی دروازہ ، شادی ہال کا ڈریسنگ روم ،بکنگ آفس مسمار کردیا گیا ہے جبکہ کلب کی مرکزی عمارت اور شادی ہال مسمار کرنے کا کام جاری ہے ، ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان نے ڈپٹی کمشنر شرقی کے ساتھ واٹربورڈ کی انہدامی کارروائی کا معائنہ کیا اور موقع پر موجود افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں .

بعدازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ عدالت عظمٰی کے احکامات پر من وعن عملدرآمد کیا جائے گا ، واٹربورڈ اپنی اراضی ،تنصیبات پر قائم تمام تجاوزات کا خاتمہ کرے گا اور ان پر قائم تجاوزات منہدم کرکے اراضی واگزار کرائی جائے گی ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں چند قانونی پیچیدگیاں حائل ہیں جن کے حل کیلئے عدالت سے رجوع کیا گیا جس پر عدالت عظمی نے متعلقہ اداروں کو واضح احکامات بھی جاری کردیئے ہیں ان احکامات پر تکمیل کے بعد واٹربورڈ کی تنصیبات اور اراضی پر قائم دیگر تجاوزات کا بھی خاتمہ کردیا جائے گا .

ایم ڈی واٹربورڈ نے کا کہ عدالت عظمٰی کے احکامات کی بجاآوری میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ،سپریم کورٹ کے احکامات ہیں کہ واٹربورڈ آفیسرز کلب اور اس میں قائم شادی ہال کو آج ہی ختم کیا جائے جس کے لئے کارروائی جاری ہے جو کلب اور شادی ہال مکمل مسمار کئے جانے کے بعد ہی رکے گی ۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *