اسرائیل نامنظور ملین مارچ کی تیاریاں مکمل ہو گئیں

کراچی : جے یو آئی کے تحت اسرائیل نامنظور ملین مارچ جمعرات کو مزار قائد پر منعقد ہو گا ۔ مولانا فضل الرحمن سمیت پی ڈی یم قائدین خطاب کریں گے ۔

جے یو آئی سندھ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات مولانا سمیع الحق سواتی کے مطابق آج 21 جنوری کو کراچی مزار قائد پر جمعیت علماء اسلام سندھ کی میزبانی میں منعقدہ اسرائیل نامنظور ملین مارچ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔ مزار قائد کے سامنے مرکزی شاہراہ پر پنڈال سجا دیا گیا ہے ۔ اسٹیج، پنڈال، داخلی راستوں، سیکورٹی، پارکنگ سمیت دیگر انتظامات بھی مکمل ہو گئے ہیں ۔

جب کہ سیکورٹی انتظامات کیلئے انصارالاسلام کے تین ہزار سے زائد رضا کار تعینات کئے گئے ہیں ۔ روشنی کیلئے برقی قمقمے اور ساؤنڈ کا جدید انتظام کیا گیا ہے ، شہر قائد کے تمام شاہراہوں اور سڑکوں پر بڑے بڑے ہورڈنگز اور بینرز لگائے جا چکے ہیں ۔ جب کہ پارٹی پرچم بھی بڑی تعداد میں لگا دئیے گئے ہیں ۔ سمیع سواتی کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن دیگر مرکزی رہنماﺅں کے ہمراہ بدھ کو کراچی پہنچ گئے ہیں ۔

مزید پڑھیں :ڈائریکٹوریٹ کالجز کو متعصبانہ طرز پر چلانے کا انکشاف

کراچی آمد کے بعد مولانا فضل الرحمن نے جامعہ انوارالعلوم مہران ٹاؤن کورنگی میں جمعیت علماء اسلام سندھ کی مجلس شوریٰ اور اضلاع کے صدور و جنرل سیکرٹریز کے اہم اجلاس میں خصوصی شرکت کی اور ان سے تفصیلی خطاب کیا ۔ اجلاس سے صوبائی امیر مرشد الموحدین مولانا عبدالصمد ہالیجوی ، مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری، علامہ راشد محمود سومرو ،مولانا امجد خان ، مولانا عبد القیوم ہالیجوی، و دیگر مرکزی قائدین نے بھی خطاب کیا ۔

اسرائیل نامنظور ملین مارچ کا آغاز دوپہر ایک بجے کیا جائے گا ۔ جو رات گئے تک جاری رہے گا ۔ مرکزی قافلہ سہراب گوٹھ سے مزار قائد کی طرف دن ساڑھے 12 بجے جے یو آئی کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو کی قیادت میں روانہ ہو گا ۔ جب کہ کراچی سمیت سندھ بھر سے اضلاع اور پی ایس کے قافلے مقامی امیر و سیکریٹری جنرل کی قیادت میں مزار قائد پہنچیں گے ۔

مولانا سمیع الحق سواتی نے اسرائیل نامنظور ملین مارچ کو پاکستان کی تاریخ میں اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کا تاریخ سازملین مارچ ماضی کے تمام جلسوں کے ریکارڈ توڑ دے گا اور اسرائیل نواز طبقے کے خواب چکنا چور کر دے گا ۔ لاکھوں اسلامیان مظلوم فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور قبلہ اول کی آزادی کے مضبوط عزم کے ساتھ آج کے ملین مارچ میں شریک ہوں گے ۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *