کراچی کا سالانہ تبلیغی اجتماع 31جنوری سے شروع ہو جائے گا ۔

اورنگی ٹاؤن اور منگھو پیر کے درمیان مذکورہ اجتماع 3روز تک جاری رہے گا جس میں 10لاکھ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے ،اجتماع گاہ کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں ،جس کے لئے یومیہ ہزاروں تبلیغی جماعت سے وابستہ رضاکار خدمت کے جذبے سے اجتماع گاہ کا پنڈال بنا رہے ہیں ۔

شہری حکومت کی مدد کے بغیر تبلیغی جماعت سے متعلقین 20ایکڑ سے زائد اراضی کی صفائی میں جتے ہوئے ہیں ،جبکہ ٹریکٹر ٹرالی کی مدد سے زمین سے کچرا کو باہر نکلا جارہا ہے ۔اجتماع گاہ میں پارکنگ کے لئے علیحدہ انتظام کیا جارہا ہے ،موٹر سائیکلوں کی پارکنگ ہر گیٹ کے سامنے ہے جبکہ گاڑیوں کی پارکنگ کے دو ہی راستے ہیں ایک کٹی پہاڑی کی جانب سے جانے والے راستے کے سامنے گیٹ کے قریب جبکہ دوسرا منگھو پیر کے راستے میں اجتماع گاہ سے قبل گیٹ بنایا گیا ہے ۔

تبلیغی جماعت کے رضا کاروں کی جانب سے 2سے 3ہزار عارضی بیت الخلا بنائے جارہے ہیں ،جب کہ پینے اور وضو کے پانی کے لئے کنویں بھی کھودے گئے ہیں اور سرکاری ہائیڈرنٹ سے بھی یومیہ لاکھوں گیلن پانی حاصل کیا جائے گا ۔اجتماع گاہ کے اندر مکمل سیکورٹی تبلیغی رضا خود کریں گے جب کہ سول کپڑوں میں ملبو س پولیس و رینجرز کے اہلکار بھی موجود ہیں ۔تبلیغی اجتماع کے لئے پولیس کی جانب سے براہ راست ڈی آئی جی کی نگرانی میں ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔

اجتماع 31جنوری سے شروع ہو کر 3فروری کو اجتماعی دعا پر اختتام پذید ہو گا ،معلوم رہے کہ 2015میں کراچی کا تبلیغی اجتماع 5فروری کی عصر سے شروع ہو کر 8فروری کی صبح تک جاری رہا تھا ،جبکہ 2018میں اجتماع 2فروری کو شروع ہو کر 5فروری کو دعا کے بعد اختتام پذیر ہوا تھا اور ا ب کراچی کا سالانہ اجتماع31جنوری سے 3فروری تک گلشن بہار منگھو پیر میں ہوگا۔

ہر سال جنوری کے اختتام اور فروری کے پہلے ہفتہ میں اجتماع کا مقصد سرد موسم کا چناؤ کیاجاتا ہے تاکہ لوگ اللہ کے دین کے لئے گھروں سے قربانی دیکر نکلیں ۔ اجتماع کےآخری روز اجتماعی نکاح بھی پڑھائے جائیں گے جبکہ اس موقع پر ملک ،بیرون ملک سیکڑوں جماعتوں کی تشکیل بھی کی جاتی ہے جن میں سہ روزے ،40روزہ چلہ ،4ماہ یا سال کی جماعتیں دین سیکھنے اور سیکھانے کے لئے جاتی ہیں ۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *