عبدالحمید چھاپرا کی رحلت سے آزادئِ صحافت کا باب بند ہوا

کراچی : سینئر صحافی اور کراچی پریس کلب کے سابق صدر عبد الحمید چھاپرا منگل کی شام رضائے الہیٰ سے انتقال کر گئے ۔

مرحوم کی نمازِ جنازہ بدھ کو بعد نمازِ عصر جامع مسجد بلال ، گلشن ِ اقبال بلاک فور اے، جرنلسٹس سوسائٹی ،ابو الحسن اصفہانی روڈ پر ادا کی جائے گی ۔ بعد ازاں مرحوم کی تدفین صفورا گوٹھ قبرستان میں ہو گی ۔

کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے عبدالحمیدچھاپرا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی وفات کو صحافیوں کا عظیم نقصان قرار دیا ہے ۔ عبدالحمید چھاپرا کراچی پریس کلب کے 5 مرتبہ صدر رہے ۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس اور فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے بھی صدر کے ساتھ ساتھ اپنک کے چیئرمین بھی رہے ۔

مذید پڑھیں :کراچی پریس کلب الیکشن کیلئے یونائیٹڈ اور ڈیموکریٹ پینل کے امیدواروں کا اعلان

عبدالحمید چھاپرا تین کتابوں کے بھی مصنف تھے۔ انہیں اردو، انگریزی اور گجراتی زبانوں پر عبور حاصل تھا ۔ انہوں نے 1977 کے انتخابات میں پاکستان قومی اتحاد کے پلیٹ فارم سے کراچی کے قدیمی علاقے برنس روڈ سے سندھ اسمبلی کی نشست کے لیے انتخاب میں بھی حصہ لیا ۔

وہ تحریک استقلال میں بھی وابستہ رہے ۔ انہوں نے بڑے سیاسی رہنمائوں کے ہمراہ قید و بند صعوبتیں بھی برداشت کیں ۔انہوں نے آزادی صحافت میں اہم کردار ادا کیا ۔ جب کہ وہ انسانی حقوق کے حوالے سے بھی متحرک ہے ۔ عبدالحمید سینئر کامرس رپورٹر اور تجزیہ کار تھے اور کئی اخبارات سے وابستہ رہے ۔

جب تک ان کی طبیعت بہتررہی اور یومیہ بنیادوں پر کراچی پریس کلب آتے تھے اور صحافیوں کے ساتھ ملاقاتوں کے علاوہ مختلف موضوعات پر دلچسپ انداز میں کھل کر بحث میں حصہ لیتے۔ کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران ،سیکرٹری جنرل ارمان صابر اور دیگر عہدیداروں نے عبدالحمید چھاپرا کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور ان کے انتقال کو کراچی سمیت ملک بھر کی صحافی برادری کے لیے ایک عظیم نقصان قرار دیا ہے ۔

انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ آج ہم پاکستان میں صحافتی حقوق کے علمبردار ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گئے ہیں ۔ کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے مرحوم کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لئے دعا بھی کی ہے ۔

مذید پڑھیں :غزنی میں صحافی کے قتل پر جذبہ اتحاد یونین آف جرنلسٹ یورپ آرگنائزیشن کی مذمت

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے ملک کے ممتاز صحافی اور پاکستان فیڈرل یونین جرنلسٹس کے سابق صدر عبدالحمید چھاپرا کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور ان کے انتقال کو کراچی سمیت ملک بھر کی صحافی برادری کے لیے ایک عظیم نقصان قرار دیا ہے ۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر نظام الدین صدیقی، جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی اور مجلس عاملہ کے تمام ارکان کی جانب سے ایک تعزیتی بیان میں کہا گیا ہے کہ عبدالحمید چھاپرا پاکستان کی صحافتی تاریخ کا ایک روشن باب تھے ۔

انہوں نے ملک میں آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کی جدوجہد میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور ایسی ہر تحریک کے ہر اول دستے کے سالار رہے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے دو مرتبہ صدر کے عہدے پر رہتے ہوئے انہوں نے ملک میں صحافیوں کے حالات کار کو بہتر بنانے کیلئے جاری جدوجہد میں بھی اپنا حصہ ڈالا ۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس نے ان کے انتقال پر ان کے اہلخانہ سمیت کراچی اور ملک بھر کے صحافیوں سے اظہار تعزیت کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے اور انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے ۔ آمین ۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *