پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر اقبال چوہدری کیلئے بین الاقوامی اعزاز

کراچی : پیپلز گورنمنٹ آف گونگسکی زوہانگ آٹو نومس ریجن، چین کی جانب سے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم ( آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کو ’دی 2020 گونگسکی گولڈن سلک بال فرینڈ شپ ایوارڈ کے لیئے نامزد کیا گیا ہے ۔

آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق پروفیسر اقبال چوہدری کو یہ ایورڈ اُن کی گونگسکی صوبے کی معاشی و معاشرتی ترقی میں نمایاں خدمات انجام دینے کے لیے دیا جا رہا ہے ۔ چینی آفیشلز کی جانب سے لکھے گئے ایک خط کے مطابق پروفیسر اقبال چوہدری کو طلائی تمغہ اور ایک لاکھ آر ایم بی بونس ملے گا۔  ترجمان کے مطابق تقریبِ تقسیم انعامات مارچ 2021ء میں منعقد ہو گی۔

واضح رہے کہ پروفیسر اقبال چوہدری نے آرگینک اور بائیو آرگینک کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں ۔ اس ضمن میں ان کی تقریباً 1175 سائنسی اشاعتیں بین الاقوامی سطح پر شائع ہو چکی ہیں ۔ امریکہ اور یورپ میں ان کی تحریر و ادارت کردہ 76 کتب شائع ہو چکی ہیں، اس کے علاوہ 40 انٹرنیشنل اور یو ایس پیٹینٹ بھی قابل ذکر ہیں۔

مزید پڑھیں: ڈاکٹر قاسم محمود کی امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات

مزید برآں ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کیمیاء سے متعلق متعدد غیر ملکی کتب و جرائد کے مدیر ہیں ۔ جب کہ ان کے سائنسی کام کو 27 ہزار مرتبہ بطور حوالہ پیش کیا گیا ہے ۔ بین الاقوامی اعزازات کے حامل ہونے کے ساتھ ساتھ ان کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز، ستارہ امتیاز اور ہلالِ امتیاز بھی عطا کیا جا چکا ہے ۔

پروفیسر اقبال چوہدری وزیراعظم پاکستان کی زیرِ نگرانی قومی کمیشن برائے سائینس اور ٹیکنالوجی کے رکن بھی ہیں۔ شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، اور وزیر اعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائینس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین اوربین الاقوامی مرکز کے سرپرستِ اعلیٰ پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے پروفیسر اقبال چوہدری کو اُن کی اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے ۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *