حسین شہید سہروردی کی 57 ویں برسی مگر گذر گئی

مایہ ناز قانون دان اور سیاست دان حسین شہید سہروردی پاکستان کے پانچویں وزیراعظم تھے۔ آپ 12 ستمبر 1956 سے 17 اکتوبر 1957 تک اس عہدے پر فائز رہے ۔

حسین شہید سہروردی 8 ستمبر1892 کو مغربی بنگال کے علاقے مدنا پور میں پیدا ہوئے ۔ آپ کے والد جسٹس سر زاہد سہروردی کلکتہ ہائی کورٹ کے جج تھے ۔ آپ کی والدہ خجستہ اختر بنوں بھی اعلیٰ تعلیم یافتہ خاتون تھیں۔خجستہ اختر اس زمانے میں سینئر کیمبرج کا امتحان پاس کرنے والی پہلی مسلمان خاتون تھیں۔

ان کے پاکستان کے سابق صدر اسکندر مرزا کے ساتھ تعلقات گرم سرد ہی رہے۔ فوجی ڈکٹیٹر جنرل ایوب خان کے دور میں ایبڈو کے ذریعے معتوب ہوئے اور ان پر ملک دشمنی کے الزامات بھی لگائے گئے۔ اسی ایبڈو کے تحت انہیں سیاست کے لیے نااہل قرار دیا گیا۔ انہوں نے جیل سے فوجی آمر ایوب خان کے نام ایک خط بھی لکھا تھا جس میں خود پر لگائے گئے الزامات پر انہوں نے شدید احتجاج کیا تھا ۔

مذید پڑھیں :کورونا کی وجہ سے نئے بھرتی نرسز کو فوری ڈیوٹی جوائن کرنے کی ہدایت

سہروردی کو جہاں پاکستان اور چین کے تعلقات کا اولین معمار سمجھا جاتا وہیں بہت سارے لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ وہی ہیں جن کی کوششوں سے پاکستان کے امریکا کی جانب جھکاؤ کا سلسلہ شروع ہوا۔ اس ضمن میں اس ہوائی اڈے کا ذکر کیا جاتا ہے جو بڈابیر پشاور میں واقع تھا ، جسے سوویت یونین کے خلاف فضائی جاسوسی کرنے والے امریکی طیاروں کے استعمال میں دیا گیا تھا ۔

حسین شہید سہروردی نے دو شادیاں کیں۔ ان کی پہلی شادی اس وقت کے بنگال کے وزیر داخلہ سر عبد الرحیم کی بیٹی بیگم نیاز فاطمہ ہوئی اور اس شادی سے ایک بیٹا احمد شہاب سہروردی اور ایک بیٹی بیگم اختر سیلمان پیدا ہوئے ۔ بعدازاں بیٹا شہاب سہروردی لندن میں نمونیا کا شکار ہو کر فوت ہو گیا۔ حسین شہید سہرودری کی پہلی بیوی 1922 میں فوت ہوئیں ۔

مذید پڑھیں : کراچی پریس کلب میں بھی یومِ ثقافتِ سندھ منایا گیا

1940 میں حسین شہید سہروردی نے روس کے ماسکو آرٹ تھیٹر کی اداکارہ ویرہ الیگزینڈ روینا سے شادی کی اور قبول اسلام کے بعد ان کا نام بیگم نور جہاں رکھا گیا ۔ یہ شادی 1951 تک برقرار رہ سکی۔ اس شادی سے حسین شہید سہروردی کا ایک بیٹا راشد سہروردی پیدا ہوا جو لندن میں اداکاری کرتا رہا اور وہاں رابرٹ اشبے(Robert Ashby) کے نام سے جانا گیا اور گزشتہ برس 7 فروری کو 79 سال کی عمر میں فوت ہو گیا۔ رابرٹ اشبے نے 1998 میں بانی پاکستان پر بننے والی فلم ’’جناح’’ میں پنڈت جواہر لال نہرو کا کردار ادا کیا تھا۔

16 اگست، 1946ء کے راست اقدام سے شہرت پانے والے حسین شہید سہروردی نے بھرپور سیاسی زندگی گزاری، ان کے سیاسی سفر کے بڑے حوالوں میں انڈین نیشنل کانگریس کی سوراج پارٹی ، مسلم لیگ اور عوامی لیگ شامل ہیں۔

حسین شہید سہروردی 5 دسمبر 1963 کو لبنان میں فوت ہوئے اور ان کی وفات کی وجہ دل کا دورہ بتائی گئی لیکن لبنان کے ایک ہوٹل میں ہوئی اس پراسرار موت کے اسباب ابھی تک متناز ع ہی ہیں۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *