پیپلزپارٹی گھروں کومسمار ہونے سے بچانے کیلئے میدان میں آگئی ہے، ذوالفقار قائم خانی
وزیراعلیٰ سندھ کی چیف جسٹس پاکستان سے گفتگو اور استدعا بے اثر نہیں جائیگی، کوئی آبادی نہیں کرائی جائیگی
پیپلزپارٹی روزگار دیتی ہے، چھینتی نہیں، گھر دیتی ہے گھر مسمار نہیں کرتی، متاثرہ دکانداروں کودکانیں ملیں گی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری
پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویڑن کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری اور ڈی ایم سی ایسٹ میں قائد حزب اختلاف ذوالفقار قائم خانی نے کہا ہے کہ کراچی میں سپریم کورٹ کے حکم پر تجاوزت کیخلاف آپریشن کی آڑ میں شہریوں کے گھروں کومسمار ہونے سے بچانے کیلئے پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے چیف جسٹس آف پاکستان سے باضابطہ طورپر رابطہ کرلیا ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کی قدیم آبادیوں میں آباد لاکھوں گھروں میں آباد غریب گھرانوں کی آواز چیف جسٹس آف پاکستان کو پہنچادی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے تجاوزات کی آڑ میں عوام کو بے گھر ہونے سے بچانے کیلئے سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی اپیل دائر کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ذوالفقار قائم خانی نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی لوگوں کو گھر دیتی ہے گھر چھینتی نہیںہے جبکہ روزگار بھی فراہم کرتی ہے روزگار چھینتی نہیںہے۔سندھ حکومت کی جانب سے KMC کی مارکیٹوں میں قانونی دکانیں رکھنے والوں کو اچھے علاقوں میں دکانیں فراہم کرنے کا بھی اعلان کیاگیاہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان آج اس وقت احتجاج کررہی ہے جب شہری علاقوں کو ان کے قہر نے ویران کردیاہے، ہزاروں دکانیں مسمار کرکے روزگار کے ذرائع چھین لئے ہیں۔میئر کراچی کو سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی کی درخواست دائر کرنی چاہئے تھی مگر انہیں اپنی میئر شپ کے ٹھاٹ بھاٹ عزیز ہیںجس کی وجہ سے انہوں نے عدالت کا دروازہ نہیں کھٹکھٹایا ۔ ذوالفقار قائم خانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کراچی کے عوام کو بے یارو مددگار نہیں چھوڑے گی اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے عدالت میں نظر ثانی کی درخواست دائر کرے گی۔