نعیم بخاری پر قسمت مہربان، پی ٹی وی چیئرمین بنادیا گیا

اینکر پرسن شہزادہ نعیم بخاری پر قسمت کی دیوی مہربان ہوگئی اور انھیں پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کارپوریشن کے بورڈ کا چیئرپرسن اور آداز ڈائریکٹر تعینات کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے  وزارتِ اطلاعات و نشریات کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

اس نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے کمپنیز ایکٹ 2017 کے سیکشن 166 کے تحت شہزادہ نعیم بخاری کو پی ٹی وی کے بورڈ کا آزاد ڈائریکٹر تعینات کیا ہے۔

اس میں یہ بھی کہا گیا کہ پی ٹی وی کارپوریشن کے میمورینڈم اینڈ ایسوسی ایشن (آرٹیکل 95/95A) کے تحت انھیں چیئرمین پی ٹی وی سی بورڈ کے چیئرمین کے عہدے کے لیے بھی مقرر کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نعیم بخاری آئندہ تین برس کے لیے پی ٹی وی کے کرتا دھرتا رہیں گے۔

واضح رہے کہ نعیم بخاری پاکستانی ٹی وی انڈسٹری میں ایک معروف اینکر کی حیثیت سے بھی جانے جاتے ہیں اور وہ جیو نیوز کے پروگرام خبرناک کے بھی میزبان رہے۔

خیال رہے کہ چند ماہ قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی وی اور آزاد ڈائریکٹر ارشد خان کی تعیناتی کو غیر قانونی قرار دے دیا تھا جس کے بعد سے یہ عہدہ خالی تھی۔