پروفیسر عطا الرحمن کڈنی فاونڈیشن بورڈ کے چیئرمین مقرر

کراچی : کڈنی فاونڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پاکستان کے معروف سائنسدان اور تعلیم دان پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن کو تین سال کی مدت کے لیے بورڈ کا چیئر مین منتخب کر لیا ہے ۔

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس ) جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق کڈنی فاونڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکی ایک میٹنگ میں پرفیسر ایس اے جعفر نقوی نے پروفیسر عطا الرحمن کو چیئر مین بنانے کی تجویز پیش کی جسے بورڈ کے اراکین نے متفقہ طور پر منظور کر لیا ۔

واضح رہے کہ آج کل پروفیسر عطا الرحمن وزیر اعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین، سائنس اور ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کے قیام کے لیے ٹاسک فورس کے وائس چیئرمین اور ٹاسک فورس برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کو چیئر مین کے عہدوں پر فائز ہیں ۔

پروفیسر عطا الرحمن کی نامیاتی کیمیاء کے موضوع پر 1232 سے زیادہ بین الاقوامی اشاعتیں، امریکہ، یورپ اور جاپان میں طباعت شدہ 346 کتب اور بین الاقوامی سائنسی جرائد میں 771 سے زیادہ تحقیقی اشاعتیں قابل ذکر ہیں،  45 پیٹنٹ بھی ان کے نام ہیں ۔

ان کی زیرِ نگرانی 82 طالب علموں نے پی ایچ ڈی کی سند حاصل کی ہے ۔ پروفیسر عطا الرحمن آٹھ یورپی ریسرچ جرنل کے مدیرِ اعلیٰ ہیں ، جب کہ متعلقہ مضمون سے متعلق دنیا کی نمایاں انسائکلوپیڈیا کے مدیر بھی ہیں ۔ پروفیسر عطا الرحمن کو نہ صرف بین الاقوامی ایوارڈ حاصل ہوئے ہیں بلکہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے انھیں تمغہ امتیاز، ستارہ امتیاز، ہلالِ امتیاز اور نشانِ امتیاز بھی عطا کیا جا چکا ہے ۔