پاکستان بھر کے تعلیمی ادارے 10 جنوری تک بند

بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں ملک بھر کے تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق فیصلہ ہوگیا جس کے مطابق ایجوکیشن انسٹیٹیوشنز ایک ماہ کے لیے بند کردیے جائیں گے جبکہ سردیوں کی چھٹیوں کو شامل کرکے مجموعی طور پر 10 جنوری تک بند رہیں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس میں شدت آگئی ہے جبکہ تعلیمی اداروں میں کیسز کی شرح بھی بڑھ گئی ہے جس کے باعث تعلیمی ادارے ایک مرتبہ پھر بند ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اسی کے پیشِ نظر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں کورونا کیسز میں اضافہ، تعلیمی سرگرمیوں پر اثرات اور اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں موسم سرما کی تعطیلات سے متلعق بھی مشاورت کی گئی جبکہ وزرائے تعلیم نے ایک ماہ کے لیے تعلیمی ادارے بند کرنے کی سفارش کی ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ تمام وزرائے تعلیم نے 25 نومبر سے 24 دسمبر تک تعلیمی ادارے بند رکھنے پر رضامندی ظاہر کی ہے جبکہ اس دوران تمام اسکولز کو آن لائن کلاسز لینے کی اجازت ہوگی۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ 24 دسمبر کے بعد تمام جامعات، اسکولز اور کالجز میں سردیوں کی تعطیلات شروع ہوجائیں گی جس کے بعد تعلیمی ادارے 11 جنوری 2021 کو کھلیں گے۔

قبل ازیں تجاویز دی گئی تھیں کہ 15 دسمبر سے ہائر سیکنڈری اسکولز کے بچوں کو اداروں میں آنے سے روک دیا جائے، اساتذہ کو اداروں میں بلایا جائے جبکہ آن لائن ایجوکیشن کی تیاری کی جائے۔

یہ بھی تجاویز دی گئی تھیں کہ مقامی طور پر انتظامات کیے جائیں جبکہ ٹیلی اسکول، ٹیلی ریڈیو سمیت آن لائن ایجوکیشن سسٹم کو لاگو کیا جائے۔

وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے تعلیمی سیشن کو 31 مئی تک بڑھانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

مزید برآں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت پیر کو تمام اکائیوں کے اجلاس میں تجویز پیش کرے گی کہ اسکول بند کر دیے جائیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے بڑھتی اموات اور کیسز میں اضافے کے پیشِ نظر وفاقی حکومت پیر کو تمام اکائیوں کے اجلاس میں تجویز پیش کریگی کہ 25 نومبر سے اسکول بند کر دیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ اسکول آئیں، بچے آن لائن پڑھیں اور جہاں آن لائن کا بندوبست نہیں وہاں بچے ایک دن اسکول آکر ہوم ورک لے جایا کریں۔

خیال رہے کہ محکمہ تعلیم سندھ نے تعلیمی ادارے بند نہ کرنے کی تجویز دینے کے ساتھ ساتھ موسم سرما میں بھی چھٹیاں نہ دینے کی تجویز پیش کی ہے۔