کاروبار کھلا رکھنے کے فیصلے کی بھر پور حمایت کرتے ہیں : اطہر چاؤلہ

کراچی : آل پاکستان ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن (اپرا) کے کنوینر اطہر سلطان چاؤلہ نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کرونا کا مقابلہ کرتے ہوئے کاروبار، صنعتیں کھلی رکھنے اور ریلیف دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اب کورونا کے ساتھ رہتے ہوئے جینا سیکھنا ہو گا اور کاوربار و صنعت کا پہیہ بلا رکاوٹ چلانا ہو گا تاکہ ملکی معیشت کو اس وبائی مرض کے منفی اثرات سے بچایا جاسکے اور ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن رہے ۔ ملک بھر کے ریسٹورنٹس مالکان وزیر اعظم کے اقدامات کی نہ صرف بھرپور حمایت کرتے ہیں اور حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے ۔

مزید پڑھیں: ایک ہفتہ میں سرمایہ کاروں کے 246 ارب روپے ڈوب گئے

اطہر سلطان چاؤلہ نے بدھ کو جاری ایک بیان میں وزیر اعظم عمران خان سے رات 10 بجے تک ریسٹورنٹس بند کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ریسٹورنٹ انڈسٹری پہلے ہی کرونا وبا کی تباہ کاریوں کے وجہ سے شدید مالی بحران کا شکار ہے،لہٰذا رات 10 بجے ریسٹورنٹس بند کرنے کا اقدام مسئلے کا حل نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سنگین معاشی بحرانوں میں ملکی معیشت کسی صورت بھی کاروبار کی بندش یا اوقات کار محدود کرنے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ ریسٹورنٹ انڈسٹری کرونا ایس اوپیز پر سختی سے عمل پیرا ہے اور تمام ریسٹورنٹس سماجی فاصلے کونہ صرف یقینی بناتے ہیں بلکہ صحت کے اصولوں پر بھی سختی سے عمل کیا جاتا ہے ۔

مزید پڑھیں: ریسٹورنٹ مالکان کو فراڈ کرنے کے جرم میں 1446 سال قید

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر کاروباری اوقات کو محدود کیا گیایا پھرریسٹورنٹ انڈسٹری کو دوبارہ بند کیا گیا تو اربوں روپے کی سرمایہ کاری ڈوب جائے گی اور اس سے منسلک دیگر 40صنعتیں بھی تباہ ہوجائیں گی جبکہ لاکھوں ورکرز بے روزگار ہوجائیں گے ۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی کہ ریسٹورنٹ انڈسٹری کو رات10بجے بند کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے تاکہ معیشت کا پہیہ بلارکاوٹ گھوم سکے اور نئی سرمایہ کاری کے ساتھ روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں۔