مولانا راشد محمود سومرو مبادکباد دینے ASI محمد بخش کے گھر پہنچ گئے

کراچی : جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو نے جے یو آئی کے اعلی سطحی وفد کے ہمراہ کشمور میں معصوم بچی اور خاتون سے زیادتی کے درندہ صفت ملزمان کو گرفتار کرنے والے اے ایس آئی کے گھر جا کر انہیں مبارک باد دی اور اجرک پہنائی ۔

اس موقع پر علامہ راشد محمود سومرو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں صرف جمعیت علماء اسلام کے کارکنان کی جانب سے نہیں بلکہ پورے سندھ کی جانب سے کشمور آ کر اپنے بھائی کو اس دلیری پر مبارک باد پیش کرنے آیا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ پولیس آفیسر نے غیرت مند والد اور عظیم سندھی سپوت کا کردار ادا کیا ہے، انہوں نے کہا کہ اپنی بیٹی کی زندگی اور عزت داؤ پر لگانا کوئی معمولی بات نہیں ۔ انہوں قربانی کیلئے خود کو تیار کیا اور سفاک مجرموں کو قانون کے شکنجے تک پہنچایا، پورے سندھ کو ایس آئی محمد بخش پر کو فخر ہے ۔

مذید پڑھیں : میڈیا کو تحریک لبیک کی کوریج سے روک دیا گیا

علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ اگر ایسے فرض شناس جوان پولیس فورس میں موجود رہیں گے تو ان شاءاللہ العزیز آئندہ کسی درندے کو معصوموں بچیوں اور عزت دار ماماؤں کو ہاتھ لگانا تو دور کی بات میلی آنکھ سے دیکھنے بھی جرات نہیں ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعے پر پورے سندھ میں سوگ کا سماں ہے ہر دل زخمی ہے ، بھیانک واقعے پر بیٹیوں کے والدین خون کے آنسو روئے ہیں ، درندہ صفت ملزمان کو منطقی انجام تک پہنچانے پر سندھ پولیس کی پوری فورس اور خصوصا ایس ایس پی کشمور امجد شیخ کو مبارک باد پیش کرتے ہیں ۔

مذید پڑھیں : سندھ ایکشن کمیٹی کا متنازعہ آرڈیننس کیخلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کا عندیہ

انہوں نے کہا کہ ایسے انسانیت سوز واقعات کی فوری روک تھام ہونی چاہئے ، اور ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچنا چاہئے تاکہ قوم کی مائیں اور بیٹیاں محفوظ ہو سکیں، اگر عدالتیں بروقت فیصلے صادر کرتیں تو مجرموں میں خوف ہوتا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں پچھلے 6 سال شہید والد علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو شہید کے کیس کی پیشیاں بھگت رہا ہوں اگر عدالتیں تاریخ پر تاریخ دیتی رہیں گی تو لوگ قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کریں گے۔ عدالتوں کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنانی ہوگی تا کہ ان جرائم کا راستہ روکا جا سکے ۔