مصباح کا سینئرز کے لیے دہرا معیار سامنے آگیا

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر اور قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ مصباح الحق کی سلیکشن میں سینئرز کے لیے دہرا معیار سامنے آگیا۔

دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے چیف سلیکٹر نے کچھ سینئر کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرلیا جبکہ کچھ کی پرفارمنس پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے انھیں باہر کردیا۔

مصباح نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ شعیب ملک اور محمد عامر کی جگہ پر نئے کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے ۔

اپنے فیصلے کو واضح کرتے ہوئے مصباح نے بتایا کہ یہ فیصلہ مستقبل قریب میں بڑے ایونٹس کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

محمد حفیظ اور وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کرنے سے متعلق چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ کارکردگی میں تسلسل کی وجہ سے ان دونوں سینئرز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اسد شفیق کو ڈراپ کیے جانے پر مصباح الحق کا کہنا تھا کہ غیرتسلی بخش فارم کی وجہ سے مڈل آرڈر بیٹسمین کو ڈراپ کیا گیا ہے، جو گزشتہ 15 اننگز میں 510 رنز ہی بناسکے ہیں۔

مصباح کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اسد شفیق کھوئی ہوئی فارم واپس حاصل کریں جیسا کہ سرفراز احمد نے کیا ہے۔

چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن میں 3 اسپنرز نعمان علی، زاہد محمود اور ساجد خان نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہمیں دورہ نیوزی لینڈ کے لیے 12 اکتوبر تک 45 ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست بھجوانا تھی، اسی میں سے 35 کا انتخاب ہوا۔