جمائما گولڈ اسمتھ نے پھر پاکستانی کی تلاش شروع کردی

پاکستان کے موجودہ وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور برطانوی فلم پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ نے ایک مرتبہ پھر ایک پاکستانی کی تلاش شروع کردی۔

تاہم یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ اس مرتبہ جمائما کو پاکستانی شادی کے لیے نہیں بلکہ اپنی نئی فلم کے لیے چاہیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جمائما نے خالی آسامی سے متعلق نوٹس جاری کیا، جس میں اس نے لکھا کہ اسے برطانیہ میں مقیم ایک پاکستانی کی تلاش ہے جو ایک درزی ہو۔

اس نے اپنے پیغام میں یہ بھی بتایا کہ وہ ایک فیچر فلم کرنے جارہی ہے، تاہم اس کو اپنے کاسچیوم ڈپارٹمنٹ کے لیے ایک برطانوی پاکستانی کی ضرورت ہے جس کے پاس سلائی اور کمپیوٹر کی مہارت اور ڈرائیور کا لائسنس ہونا ضروری ہے۔

اپنے ٹوئٹ کے آخر میں انہوں نے مزید معلومات اور نوکری کے متلاشی لوگوں کیلئے  سی وی ارسال کرنے کیلئے ای میل آئی ڈی بھی شیئر کی۔

خیال رہے کہ حال ہی میں جمائما نے اعلان کیا تھا کہ وہ جلد ہی فلم بنانے کا ارادہ رکھتی ہیں جس کی شُوٹنگ کا آغاز جلد ہوگا۔

فلم کی کہانی کا موضوع متوقع طور محبت اور شادی سے متعلق ہوگا جو لندن اور جنوبی ایشیا کے مابین ہوگا۔