ڈوپلیسی پی ایس ایل کا حصہ، پلے آف کیلئے پاکستان آنے کا اعلان

جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی بھی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا حصہ بن گئے اور لیگ کے پلے آف میچز کے لیے پاکستان آنے کا اعلان بھی کردیا۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب فاف ڈوپلیسی پاکستان کی ملٹی ملین لیگ کا حصہ بنے ہیں، جہاں وہ پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پی ایس ایل 2020 کے بقیہ 4 میچوں میں مجموعی طور پر 21 غیر ملکی کھلاڑی تمام ٹیموں کی جانب سے کھیلی گے۔

مزید پڑھیے: پی ایس ایل فرنچائزر PCB کیخلاف عدالت پہنچ گئے

پی ایس ایل کے 4 میچوں میں حصہ لینے کے لیے جنوبی افریقہ کے 7، انگلینڈ کے 6، ویسٹ انڈیز کے 4، بنگلہ دیش کے 2، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا ایک،ایک کھلاڑی پاکستان آئے گا۔

اعلامیے کے مطابق ان 21 غیر ملکی کھلاڑیوں میں ڈیوپلیسی سب سے نمایاں نام ہے جو پہلی مرتبہ لیگ میں شرکت کریں گے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے 255 انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے ڈیوپلیسی پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے، انہیں ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو اپنی قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔

ڈیوپلیسی کے علاوہ جنوبی افریقہ سے کیمرون ڈیلپورٹ (کراچی کنگز)، ڈین ویلاز، ڈیوڈ ویزے (لاہور قلندرز)، ریلی روسو، عمران طاہر (ملتان سلطانز) اور ہارڈس ولیجوئن (پشاور زلمی) بھی پی ایس ایل 2020 کا حصہ ہوں گے۔

مزید پڑھیے: لاہور قلندرز پہلی بار پی ایس ایل کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے 6 کھلاڑی بھی پی ایس ایل کے بقیہ میچوں میں حصہ لینے کے لیے آمادگی کا اظہار کرچکے ہیں۔

انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں میں الیکس ہیلز (کراچی کنگز)، جیمز وینس، ایڈم لیتھ، روی بوپ (ملتان سلطانز)، سمت پٹیل (لاہور قلندرز)، اور لیام لیونگ اسٹون (پشاور زلمی) شامل ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے چیڈوک والٹن اور روتھر فورڈ کراچی کنگز کی نمائندگی کریں گے، کارلوس بیتھویٹ اور ڈیرن سیمی پشاور زلمی کا حصہ ہوں گے۔

مزید پڑھیے: پاکستان کرکٹ کنٹرول بورڈ میں ناقابل یقین تنخواہیں

بنگلہ دیش کے تمیم اقبال لاہور قلندرز اور محموداللہ ملتان سلطانز کی جانب سے کھیلیں گے، آسٹریلیا بین ڈنک لاہور قلندرز اور نیوزی لینڈ کے مچل مکلینگن کراچی کنگز کی نمائندگی کریں گے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے سبب 17 مارچ کو پاکستان سپر لیگ کو غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا اور اس وقت پلے آف میچز کا انعقاد ہونا باقی تھا۔

بعد ازاں 3 ستمبر کو پی سی بی نے ملتوی ہونے والے میچوں کا نیا شیڈول جاری کردیا تھا جس کے مطابق بقیہ چاروں میچز 14، 15 اور 17 نومبر کو لاہور میں کھیلے جائیں گے، کوالیفائر اور پہلا ایلیمنیٹر 14 نومبر کو ہوگا، دوسرا ایلیمنیٹر 15 نومبر کو جبکہ فائنل 17 نومبر کو ہوگا۔