حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی FIR شیخ رشید کیخلاف درج کرائی جائے : سینیٹر حمداللہ

کوئٹہ ـ جمعیت علماءاسلام کے مرکزی رہنما سابق سنیٹر حضرت مولانا حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ حکمران جماعت کی تبدیلی غبارے سے ہوا نکل چکی ہے ۔ ان کے کردار اور گفتار میں تضاد ہے پی ڈی ایم کی بحالی جمہوریت تحریک سلیکشن کی تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ دارالعلوم رحیمیہ ملتان کے بانی و شیخ الحدیث شیخ القران استاد القراء حضرت مولانا قاری محمد ادریس صاحب ہوشیار پوری رحمۃ اللہ علیہ کی تعزیت کے بعد پریس کانفرنس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

مذید پڑھیں : اُمتِ مسلمہ کو غازی علم الدین کے یومِ شہادت پر عہدِ نو کرنا ہو گا : ڈاکٹر نصیر الدین سواتی

اس موقع پر جمیعت علماء اسلام ضلع ملتان کے ضلعی امیر مولانا ایاز الحق قاسمی ، ضلعی جنرل سیکرٹری جمشید خان اور دیگر صوبائی وضلعی ذمہ داران بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں حالیہ بم دھماکوں اور علماء کی ٹارگٹ کلنگ کے ذمہ دار وہ لوگ ہیں ، جنہوں نے دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ سے قبل انکی نشاندہی کی ، ان سے پوچھا جائے کہ یہ کن کے مخبر ہے اور ان کو یہ اطلاعات کہاں سے ملتی ہیں ۔

ان تمام واقعات کی ایف آئی آر میں شیخ رشید کا نام درج کیا جائے اور انہیں شامل تفتیتش کر کے حقائق قوم کے سامنے لائی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں خوف و ہراس کی فضا پہلا کر پی ڈی ایم کی تحریک کو نا کام بنانے کی سازش کی جا رہی ہے ۔ نا اہل حکمرانوں کو بچانے کےلئے قوم کے بچوں کا لہو نہ بہایا جائے ۔