واٹر بورڈ‌ کی ٹیم پر ہائیڈرنٹ مافیا کا حملہ ،افسران کو یرغمال بنانے کی کوشش

ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ نے غیرقانونی ہائیڈرنٹس اور پانی چوروں کیخلاف بھرپور کریک ڈاون کے احکامات جاری کردیئے ہیں، شہر بھر میں واٹربورڈ کی لائنوں اور کنڈیوٹ سے پانی چوری کرکے فروخت کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا جائے گا ، بھاری مشینری و افرادی قوت تیار رکھنے کا حکم بھی دیا گیا ہے .

ایم ڈی واٹربورڈ نے شہری اور ضلعی انتظامیہ سے مدد طلب کرلی ہے ، بلدیہ ٹاو ن میں ہائیڈرنٹ کے خلاف کارروائی کرنے جانے والی واٹربورڈ ٹیم پر پانی چوروں اور شرپسند عناصر نے ڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ کردیا جس کے بعد انہیں یرغمال بنانے کی بھی کوشش کی گئی تاہم یرغمال بنانے کی کوشش ناکام بنادی گئی،ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرائے جارہے ہیں.

اختیارات سے تجاوز کرنے پر واٹربورڈ کے چیف سیکورٹی آفیسر کا کونٹریکٹ ختم جبکہ کارکردگی میں بہتری کیلئے مختلف سرکاری ہائیڈرنٹس سے 13 اہلکاروں کے تبادلے کردیئے گئے ہیں .

ایم ڈی واٹربورڈ نے شہر اور مضافات میںغیر قانونی ہائیڈرنٹس اور پانی چوروں کیخلاف کریک ڈاو ن کے احکامات جاری کردیئے ہیں ،انہوںنے تمام اضلاع کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو پابند کیا ہے کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں قائم غیرقانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف بھرپور کارروائی کریں ،اگر کسی علاقہ میں کوئی غیرقانونی ہائیڈرنٹ پایا گیا تو متعلقہ ضلع کے سپرنٹنڈنگ انجینئر اور ایگزیکٹیو انجینئرز کے خلاف کارروائی ہوگی .

پانی چوری میں ملوث واٹربورڈ ملازم کے ملوث پائے جانے پران کے خلاف بھی مقدمات کا اندراج کرایا جائے گا ، دریں اثناءبدھ کو ایم ڈی واٹربورڈ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر امام بخش کاکا کے ساتھ واٹربورڈ ہائیڈرنٹس اینڈ ٹینکرز سیل کی ٹیم بلدیہ ٹاو ن میں ہائیڈرنٹ کیخلاف کارروائی کرنے پہنچی توپانی چوروں اور علاقہ کے شرپسندوں نے ٹیم پر ڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ کردیا .

سرکاری گاڑیوں کو نقصان پہچایا اور انہیں ایک کمرے میں یرغمال بنانے کی کوشش کی تاہم پولیس کی مداخلت پر وہ اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکے ،ٹیم کے ارکان جان بچا کر بھاگے تو پانی چور مافیا نے سرکاری اہلکاروں کا میلوں دور تک پیچھا کیا ،حملہ آور پانی چوروں کے خلاف مقدمات کا اندراج کرایا جارہا ہے ،

ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا ہے کہ پانی چور عناصر سرکاری لائنوں سے شہریوں کے حصے کا پانی چوری کرکے انہیں ہی مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں ،واٹربورڈ ایسے سماج دشمنوں کیخلاف کمر کس لی ہے . شہری بھی اس ضمن میں واٹربورڈ سے بھرپور تعاون کریں تاکہ شہر سے پانی چوری کا مکمل خاتمہ ہوسکے اور شہریوں کو ان کے حصے کا پانی میسرہو.

مزید برآں ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ نے اختیارات سے تجاوز کرنے پر واٹربورڈ کے چیف سیکورٹی آفیسر محمد نواز گوندل کا کونٹریکٹ ختم کرکے انہیں ملازمت سے برطرف کردیا ہے جبکہ ہائیڈرنٹس کی اصلاح کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات کے ضمن میں سخی حسن ہائیڈرنٹ سے سب انجینئر علی عباس زیدی ، سپروائزر مکرم علی صدیقی ، نیپا ہائیڈرنٹ سے سلپ رائٹر صادق علی اور شہاب علی ،صفورا ہائیڈرنٹ سے سلپ رائٹر عظیم اور پرویز اختر ماشوانی،کرش پلانٹ سے سپروائزر مشرف علی صدیقی ، سلپ رائٹرز عمران خان، ارشاد علی ، محمد سہیل، فیضان، بلدیہ ہائیڈرنٹ کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر ریاض حسین قادری اور کلرک انتخاب کا تبادلہ کر کے انہیں اپنے متعلقہ شعبہ جات میں رپورٹ کرنے کی تاکید کی گئی ہے ۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *