صحافیوں کو گھر بنانے کیلئے آسان شرائط پر قرض کا حصول ممکن ہو گیا : محسن شیخانی

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی پریس کلب کے اراکین کے لیے خوشخبری، ہاکس بے، ملیر اور تیسر ٹائون کے پلاٹس پر گھر بنانے کے لیے آسان شرائط پر قرض کا حصول ممکن ہوگیا ہے۔

آباد کے سرپرست اعلی محسن شیخانی نے کراچی پریس کلب کے دورے کے دوران گورننگ باڈی کو بتایا کہ وزیر اعظم ہائوسنگ اسکیم کے تحت بینکوں نے گھر بنانے کے لیے دیئے جانے والے قرضوں کی شرائط کو آسان بنا دیا ہے اور اب شریعہ بینکنگ کے تحت دستیاب ہوں گے ، جن کی واپسی پر 5 فیصد زائد رقم دینا ہو گی ۔ بینکوں کی اس اسکیم سے کراچی پریس کلب کے اراکین بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔

اس موقع پر صدر امتیاز خان فاران سیکرٹری ارمان صابر جوائنٹ سیکرٹری ثاقب صغیر، خارزن راجہ کامران اور گورننگ باڈی کے رکن لیاقت مغل سابق سیکرٹری اے ایچ خانزادہ موجود تھے۔

مزید پڑھیں: کراچی پریس کلب کا ماحولیاتی رپورٹنگ پر ورکشاپ کا انعقاد

محسن شیخانی نے بتایا کہ وزیر اعظم ہائوسنگ اسکیم کے تحت گھر بنانے کے لئے آسان شرائط پر 5فیصد شرح پر قرض مل سکتا ہے اور دو بیڈ، ڈرائنگ، لائونج کا گھر 21 سے 22 لاکھ روپے میں مکمل ہوسکتا ہے۔ اس سلسلے میں آباد کی جانب سے نقشے کی تیاری منظوری قرض کے لئے بینک کی خدمات اور تعمیر میں معاونت کی جائے گی۔

کلب کے وہ ممبران جنہیں ایل ڈی اے، ایم ڈی اے یا تیسر ٹائون میں پلاٹس الاٹ ہوئے ہیں اور وہ گھر بنانا چاہتے ہیں وہ ممبران اس اسکیم سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں وہ 25 اکتوبر تک کراچی پریس کلب کے دفتر سے رابطہ قائم کریں۔