پی ڈی ایم کی 18 اکتوبر جلسے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

کراچی : صوبائی وزراء سعید غنی اور سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ماضی گواہ ہے کہ پیپلز پارٹی کے تحت ہونے والا جلسہ ہو یا ریلیاں اس نے ہمیشہ اپنے ہی ریکارڈ توڑے ہیں اور مخالفین کو باور کرایا ہے کہ ملکی سیاست میں انقلاب بھی یہاں سے ہی آئے گا ۔

18 اکتوبر کو کراچی میں پیپلز پارٹی کی میزبانی میں اپوزیشن جماعتوں کے پی ڈی ایم اے کا ہونے والا جلسہ اس ملکی تاریخ کا تاریخی جلسہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز مزار قائد سے متصل جناح گراؤنڈ کا دورہ کرنے کے دوران کیا ۔

اس موقع پر نجمی عالم اور دیگر پارٹی کے رہنماء بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔واضح رہے کہ جناح گراؤنڈ میں 18 اکتوبر کو پیپلز پارٹی کی میزبانی میں پی ڈی ایم اے کے تحت جلسہ عام منعقد ہونا ہے۔ صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے جلسہ گاہ میں اسٹیج کی تیاری، مرد و خواتین انکلوژر، میڈیا انکلوژر سمیت دیگر کے حوالے سے تفصیلی معائنہ کیا.

مزید پڑھیں: پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ کوئٹہ سے کراچی منتقل

اس موقع پر انہوں نے میدان کو ہموار کرنے اس اسٹیج کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا۔ اس موقع پر ان دونوں صوبائی وزراء نے کہا کہ ماضی گواہ ہے کہ پیپلز پارٹی کے تحت ہونے والا جلسہ ہو یا ریلیاں اس نے ہمیشہ اپنے ہی ریکارڈ توڑے ہیں اور مخالفین کو باور کرایا ہے کہ ملکی سیاست میں انقلاب بھی یہاں سے ہی آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر کا جلسہ تمام اپوزیشن جماعتوں کا گلدستہ ہوگا۔ہم نے کوشش کی ہے کہ اس جلسہ کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر نہ ہو اور عوام کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔صوبائی وزراء سعید غنی اور سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ جلسہ عام کے اجازت نامے کے لئے متعلقہ اداروں کو درخواست دے دی گئی ہیں ۔