فیاض الیاس آباد کے چیئرمین اور عارف شیخانی وائس چیئرمین منتخب ہو گئے

کراچی : آباد کے سالانہ انتخابات میں چیئرمین کی نشست پر فیاض الیاس منتخب ہو گئے ہیں ، جب کہ سینئر وائس چیئرمین کی نشست پر خواجہ محمد ایوب جب کہ وائس چیئرمین کی نشست پر عارف شیخانی منتخب ہو گئے ہیں ۔ دانش بن رؤف کو سدرن ریجن، شیراز جے منو کو ناردرن ریجن کا چیئرمین جب کہ کاشف شہخ کو سب ریجن حیدرآباد کا وائس چیئرمین منتخب کیا گیا ہے ۔

آباد ہاؤس میں منعقد ہونے والے آباد کی جنرل باڈی کا اجلاس ہوا ، جس میں سال 2020-21 کے لیئے تمام اراکین نے متفقہ طور پر سال 2020-21 کے لیئے آباد کے نئے عہدیداران کا انتخاب کیا ۔ اس موقع پر نو منتخب چیئرمین فیاض الیاس نے تمام ممبران سے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے تمام بلڈرز اور ڈیولپرز اور آباد کے ممبران کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے بلا تفریق ممبران کی فلاح و بہبود کے لیے اور تعمیراتی صنعت کے فروغ کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ آباد کی طاقت ممبران کے باہمی اتحاد پر منحصر ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آباد الیکشن میں ممبران نے جس اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے وہ ہمیشہ برقرار رہے گا ۔ انھوں نے آباد کے ممبران کی فلاح و بہبود اور تعمیراتی شعبے کی ترقی اور ملکی معیشت کے فروغ میں شاندار خدمات پر محسن شیخانی کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ محسن شیخانی مستقبل میں بھی تعمیراتی صنعت کے فروغ کے لیے آباد کے عہدیداران کی سرپرستی کرتے رہیں گے۔

مذید پڑھیں : واٹر بورڈ‌ کے چیف انجنیئر سیوریج سعید شیخ ابھرتے ہوئے ارب پتی افسر نکلے

سبکدوش ہونے والے چیئرمین محسن شیخانی نے خطاب کرتے ہوئے تمام نو منتخب عہدیدران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آباد ممبران کی فلاح و بہبود، ممبران کے مسائل حل کرنے، تعمیراتی صنعت کے فروغ اور ملکی معیشت کے استحکام اور وطن عزیر کی خوشحالی کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔

محسن شیخانی نے بتایا کہ ان کے دور میں تعمیراتی شعبے کو بے شمار مسائل کا سامنا تھا لیکن اللہ تعالیٰ کی مدد سے ہم فکس ٹیکس ریجیم کا نفاذ، مقررہ وقت میں بلڈنگ پلان کی منظوری اور تعمیراتی شعبے کو صنعت کا درجہ دلانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کم لاگت گھروں کی تعمیر کے لیے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا اعلان آباد ممبران کے لیے نہایت خوش آئند ہے جس سے کم آمدن والے طبقے کو 50 لاکھ گھروں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ لاکھوں افراد کو روزگار بھی ملے گا جس سے تعمیراتی شعبے کا استحکام اور ملکی معیشت کو فروغ ملے گا۔

محسن شیخانی نے اپنے دور میں آباد کو ملنے والی کامیابیوں پر تمام سبکدوش ہونے والے عہدیداران اور ممبران کو خراج تحسین پیش کیا۔سبکدوش ہونے والے سینئر وائس چیئرمین سہیل ورند،وائس چیئرمین عبدالرحمٰن اور سدرن ریجن کے چیئرمین محمد علی توفیق رتاڑیا نے بھی تمام نو منتخب عہدیداراران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آباد ممبران کی فلاح و بہبود اور تعمیراتی صنعت کے فروغ اور ملکی معیشت کی ترقی کے لیے تمام نو منتخب عہدیداران کی مکمل سپورٹ کریں گے۔

مذید پڑھیں : طاہر صدیق چوہدری نے EOBI اور NCOC انتظامیہ کو ماموں بنا دیا

قبل ازیں سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے انتخابات ہوئے جس میں الائیڈ پینل کے الطاف کانٹا والا بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگئے جبکہ الائیڈ پینل کے ہی عامر امین تھارا، عبدالکریم آڈھیا، افضل چامڈیہ، احمد اویس، علی جمیل، آصف یونس سم سم، عارف یوسف جیوا، محمد ایوب، محمد حسن بخشی، محمد صادق بلوچ، ندیم ریاض، فیاض الیاس، محمد سہیل نیوی والا ،نذیر محمد غوری، راحیل رنچ خاور منیر اور محمد عارف شیخانی بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔ جب کہ محمد ناصر لاکھانی ، محمد پٹیل، سعید خورشید عالم، عمر بن اسلام ، طارق عزیز، عبدل برکات، انجینئر دانش بن رؤف، ذیشان  صدیقی ، محمد خالد، مصطفیٰ شیخانی، عزیر شاہد اور سید الطاف حسین آباد کی سدرن ریجنل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبران منتخب ہو گئے ہیں ۔

علاوہ ازیں شیراز جے منو کو آباد ناردرن ریجن کا چیئرمین جب کہ حضر ایوب اظہار ، ساجد سعید، ساحر رشید، عمر الہی شیخ ، میاں محمد نعمان،محمد پرویز چوہدری اور تعظیم احمد ناردرن ریجن کے ممبران منخب ہو گئے ہیں ۔ سب ریجن حیدر آباد کے لیے کاشف شیخ کو وائس چیئرمین جب کہ انجینئر شبیر میمن اور اسداللہ کو بطور ممبران منتخب کیا گیا ہے ۔