پی آئی بی پولیس چوروں کے سامنے بے بس ہو گئی

کراچی : کراچی کے پی ائی بی تھانے کی حدود میں موٹر سائیکل و گاڑی چوروں کے ساتھ اور ڈکیتوں کا بھی راج ہو گیا ہے ، آئے روز ڈکیتیوں سے اہل محلہ شدید پریشان ہیں ، دو روز قبل پی ائی بی مینا بازار میں قائم قریشی جنرل اسٹور پر ڈکیتی کی واردات ہوئی جس میں 3 مسلحہ ملزمان رات گئے دکان سے نقدی اور شہریوں کا قیمتی سامان چھین کر باآسانی فرار ہو گئے ۔

3 ملزمان نے اسلحہ کے زور پر قریشی جنرل اسٹور پر دھاوا بول دیا ، دکاندار انس صغیر نے مزاحمت کرنے کی کوشش کی تو شدید تشدد کا نشانہ بنایا متاثرہ دکاندار نے بتایا ہے کہ آئے روز اس علاقہ میں رات 11 بجے کے بعد ڈکیتیوں کی وارداتیں ہو رہی ہیں ۔

مزید پڑھیں: مومن آباد کے مکینوں پر بجلی گیس والوں نے قیامت ڈھا دی

ملزمان بجلی نہ ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وارداتیں کر رہے ہیں چند روز قبل بھی ایک اور دکاندار کو لوٹا گیا جبکہ اس طرح کی واردتیں روز کا معمول بن چکا ہے ۔ متاثرہ دکاندار کا مزید کہنا تھا کہ علاقہ پولیس درست گشت نہیں کررہی ہے جس کے باعث ملزمان کے حوصلہ بلند ہیں اور وہ بے دریغ وارداتیں کر رہے ہیں ۔

اس طرح کے جرائم کی روک تھام کے لئے تاجروں اور اہل محلہ نے ایس ایس پی ایسٹ ساجد صدوزئی اور دیگر پولیس کے اعلی حکام سے درخواست کی ہے کہ علاقہ پولیس کو شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے موثر اقدامات کی یقین دہانی کروائیں تاکہ مستقبل میں ملزمان کی واردتوں سے بچا جا سکے اور جرائم کے خاتمہ میں ایک کردار سامنے آسکے ۔