ضلع غربی کے مسائل فی الفور حل کرائے جائیں : حاجی عزیز الرحمن عزیز

جمعیت علماء اسلام کے وفد کی ایڈمنسٹریٹر و ڈپٹی کمشنر ضلع غربی سے ملاقات، عوام کو درپیش مسائل، فوری حل کرنے کا مطالبہ کیا۔

کراچی : جمعیت علماء اسلام پی ایس 114 کے وفد کی سیکریٹری جنرل حاجی عزیز الرحمن عزیز کی سربراہی میں ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ضلع غربی سیلم اللہ اوڈھو سے پی ایس 114 خصوصا شیرشاہ کالونی کے مسائل کے حوالے سے انکے دفتر میں ملاقات کی ۔

وفد میں جمعیت علماء اسلام پی ایس 114 کے سیکریٹری اطلاعات مولانا عظیم اللہ عثمان، جے یوآئی شیرشاہ کے جنرل سیکریٹری خالد شاہ، مولانا شاہ حسین، حاجی اقبال، مولانا محمد ندیم شامل تھے۔ وفد نے ایڈمنسٹریٹر ضلع غربی کو شیرشاہ کالونی کے علاقہ مکینوں کی پریشانیوں اور مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ شیرشاہ کالونی کراچی کی قدیم آبادیوں میں سے ایک ہے مگر روز اول سے تمام انسانی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔

وفد نے بتایا کہ شیرشاہ کالونی کی پوری آبادی میں گلیاں اور سڑکیں کھنڈرات بنی ہوئی اور تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں۔ نکاسی آب کے ناقص انتظامات کی وجہ سے جابجا گٹر کا پانی جمع ہے جسکی وجہ سے موذی امراض اور مختلف بیماریاں جنم لینے کیساتھ خواتین و ضعیف العمر حضرات اور بچوں کی آمد و رفت محال ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں: طارق خان تنولی کی انتہک محنت نے پارٹی کے تنظیمی امور کو ضلع میں منظم اور فعال بنایا

وفد نے پراچہ سے شیرشاہ میں داخل ہونے والے نایاب روڈ، جناح روڈ، اردو بازار، محمدی روڈ، عالمگیر روڈ،طوربابا روڈ اور اکبر روڈ کی خراب اور پستہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نایاب روڈ سے جناح روڈ اور قبرستان تک کے روڈ کی فوری کارپٹنگ کے نہ صرف احکامات جاری کئے جائیں بلکہ جلد از جلد کام شروع کرایا جائے۔

حالیہ بارشوں میں آٹامل پنکھا ہوٹل تا میراں ناکہ والا روڈ مکمل تباہ ہوچکا ہے۔ جابجا بڑے بڑے گڑھے بن چکے ہیں جن سے انسان تو درکنار گاڑیاں نہیں گزرسکتیں۔ یہ ہی صورتحال دیگر روڈوں اور محلوں کی گلیوں کی ہے۔ ان میں کھڑے پانی اور کچرے کی صفائی کے فوری اقدامات کئے جائیں۔

شیرشاہ کالونی اور پی ایس 114 کے مسائل فوری حل کئے جائیں۔ وفد نے مزید بتلایا کہ شیرشاہ کالونی کی سب سے بڑی تاریخی مسجد و مدرسہ جامع مسجد طور و جامعہ عثمانیہ شیرشاہ کے اطراف کی دونوں گلیوں میں سیوریج نظام کی بحالی اور سڑک تعمیر کی جائے تاکہ علاقہ مکین سکھ کا سانس لے سکیں۔

مزید پڑھیں: کراچی ضلع شرقی میں صفائی مہم آب و تاب سے جاری

وفد نے ایڈمنسٹریٹر ضلع غربی کی توجہ دلاتے ہوئے علاقے میں نالوں پر قائم ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے ٹھوس اقدامات اور موثر کاروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔ ایڈمنسٹریٹر و ڈپٹی کمشنر ضلع غربی سلیم اللہ اوڈھو نے وفد کو مکمل یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آپکے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ میں نے متعلقہ اداروں کو احکامات دیدئے ہیں انشاء اللہ بہت جلد ان تمام مسائل کو حل کرلیا جائے گا۔

ناجائز تجاوزات کے حوالے سے ٹیم کام کررہی ہے بہت جلد تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کروادیا جائے گا۔ وفد نے انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔

Show More

شاکر احمد خان

شاکر احمد خان نوجوان صحافی ‛ بلاگر اور سماجی کارکن ہیں۔ حال ہی میں جامعہ کراچی سے شعبہ ابلاغ عامہ میں ماسٹر کیا ہے۔ وفاق المدارس کے بھی فاضل ہیں۔ آپ ایک بہترین معلم بھی ہیں۔ سماجی و معاشرتی مسائل سے متعلق لکھتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close