طویل بندش کے بعد ملک میں اسکول کھل گئے

ملک بھر میں اسکول کھلنے کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا، تمام طلبہ طالبات ماسک پہن کر اسکولوں میں آئے۔

کراچی: پاکستانی تاریخ کی طویل ترین بندش کے بعد ملک بھر میں تعلیمی ادارے آج سے مرحلہ وار کھل گئے-

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی عالمی وبا کے سبب 6 ماہ قبل مارچ میں بند ہونے والے تعلیمی ادارے آج سے کھل گئے، جب کہ شادی ہالز بھی آج سے کھل جائیں گے-

شادی ہال تو فوری کھل جائیں گے تاہم تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولے جائیں گے جس میں بڑی کلاسز پہلے اور پرائمری اسکولز بعد میں کھولی جائیں گے-

ملک بھر میں اسکول کھلنے کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا، تمام طلبہ طالبات ماسک پہن کر اسکولوں میں آئے، اسکولوں میں صبح کی اسمبلیاں نہیں ہوئیں، تفریح بھی نہیں ہوگی، کلاس رومز جانے سے قبل طلبہ طالبات کا ٹمپریچر بھی چیک کیا گیا، تمام اسکولوں کے مرکزی گیٹ پر فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں-

سندھ میں منگل سے تعلیمی ادارے ساڑھے 6 ماہ بعد کھلے، ابتدائی طور پر میٹرک انٹر اور جامعات کے طلباء و طالبات تعلیمی اداروں کا رخ کریں گے-

دوسرے مرحلے میں سیکنڈری اور تیسرے میں پرائمری کے طلبہ ایس او پیز کے ساتھ اسکول جائیں گے-

کراچی سمیت پورے سندھ میں کوویڈ 19 کا پہلا کیس 26 فروری کوسامنے آنے کے بعد تعلیمی ادارے ابتدائی طور پر 27 اور 28 فروری کو پہلی بار دو روز کے لیے بند کیے گئے تھے جس کے بعد صوبائی حکومت نے تعلیمی اداروں کو ایک حکم نامے کے ذریعے 28 فروری کی رات مزید 15 روز کے لیے 15 مارچ تک بند کردیا تھا۔

اسی اثنا میں پاکستان کے دوسرے صوبوں سے بھی کوویڈ کے کیسز سامنے آنے کا سلسلہ شروع ہوا تو وفاقی حکومت کے سطح پر پورے ملک کے تعلیمی ادارے اسکول، کالج اور جامعات 16 مارچ سے 31 مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ سامنے آیا اور یوں ڈھائی ماہ کی مزید تعطیلات دے دی گئیں تاہم جب سندھ سمیت ملک کے دیگر صوبوں میں کورونا کے کیسز کا سلسلہ نہ تھما تو تعلیمی اداروں کی بندش میں مزید تین ماہ کا اضافہ کیا گیا-

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close