شہر قائد کے مسائل کا حل، نوآبادیاتی نظام کا خاتمہ

محکمہ موسمیات کی پیشگی اطلاع کے باوجود کراچی کو ڈوبنے کے لیے چھوڑ دینا نوآبادیاتی نظام کی آبیاری کرنے والوں کا وطیرہ ہے۔ ڈیلیور کراچی فورم کے ہیڈ آف پولیٹیکل افیئرز قاضی عباس کا کہنا ہے کہ کراچی کے مسائل کا دیرپا حل ٹھیکیدار بدلنے سے نہیں بلکہ بااختیار مقامی حکومت کے نظام سے وابستہ ہے۔ جب تک پاکستان میں نو آبادیاتی نظام ختم نہیں کیا جائے گا عوام کے ساتھ زیادتیوں تسلسل جاری وساری رہے گا۔

ڈیلیور کراچی فورم پاکستان کے عوام میں یہی شعور اجاگر کرنے کی کوشش کررہی ہے کہ پاکستان کی قیادت اپنے اندر سے پیدا کریں۔

قاضی عباس کا کہنا تھا کہ ہر مرتبہ کی اربن فلڈنگ کا معاملہ دیکھ لیں آپ کو یکسانیت نظر آئے گی۔ شہر کے میٹھے پانی کے چینلز کو نظر انداز کرکے نکاسی آب کے گندے نالوں میں تبدیل کردیا گیا۔ اسکے بعد ان نالوں کے اطراف بے ہنگم تجاوزات کو روکنے کی کوشش کرنے کے بجائے سیاسی قوت کے طور پر استعمال کیا گیا۔

مزید پڑھیں : کراچی کے عوام کے مسائل کا علم ہے: وزیراعظم عمران خان

شہر کو مختلف وار لارڈز کے حوالے کرکے چلانے کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ اگر قوت رکھنے والے ٹھیکیدار نالوں کے گرد سے تجاوزات کا خاتمہ کردیں اور شہر کو نئے تقاضوں کے مطابق منصوبہ بندی کے تحت ترتیب دیا جائے تو اس شہر کی عوام کے جان و مال کا تحفظ بہتر طور پر ہوسکے گا۔ با اختیار مقامی حکومت کے تحت ہی علاقائی معاملات کو چلانا آسان ہوتا ہے۔

ڈیلیور کراچی فورم کے ماہرین با اختیار مقامی حکومت کی ساخت کی تشکیل دے چکے ہیں جسے بہت جلد عوام کے سامنے پیش کردیا جائے گا اور اسکے ساتھ شہر کو نئی ترتیب دینے کے حوالے سے جدید اور روایتی طریقے سے منصوبہ بندی پر کام کررہے ہیں۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *