کراچی : کتیانہ میمن ایسوسی ایشن ایجو کیشن بورڈ کی جانب سے سیکنڈری اسکولز کے سالانہ ایوارڈ و ٹیلنٹ شو کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کو دو شفٹوں میں کیا گیاجس میں ششم تا ہشتم کے اول دو ئم اور سو ئم آنے والے طلبہ اور طالبات کو شیلڈکے علاوہ نقد انعامات بھی پیش کیے گئے ۔صبح کی تقریب کے مہمان خصوصی معروف بزنس مین عقیل کریم ڈھیڈھی جبکہ دوپہر کی تقریب کے مہمان خصوصی جناب عارف حبیب صاحب تھے جنہوں نے تمام پوزیشن ہولڈرز طلبہ اور طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔ دونوں پروگرامز میں طلبہ و طالبات نے خوبصورت اور رنگارنگ ڈرامے، ٹیبلوز اور ملی نغموں کا مظاہرہ کر کے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایجوکیشن بورڈکے چیئرمین جناب ڈاکٹر اسلم بندوکڑا صاحب نے کے۔ایم۔اے اسکولز کے اعلیٰ معیارپر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی کم فیسوں میں لیاری ،کھارادر اور میٹھادار جیسے علاقوں میں تمام تر سہولیات سے آراستہ عمدہ معیارکی تعلیم صرف کے ۔ایم۔اے اسکولز ہی کاطرہ امتیاز ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سال کے۔ایم۔اے گرلز ڈگری کالج کی دو طالبات نے بی کام کے سالانہ امتحانات میں اول اور دوئم پوزیشن حاصل کرکے پوری کراچی میں ایک ریکارڈ قائم کردیا۔ بعد اذاں دونوں طالبات آنسہ فلک ناز محمدامین اور آنسہ ایمن فیصل کو کے۔ایم۔ اے ایجوکیشن بورڈ کی جانب سے جدید لیپ ٹاپس اور ہائر ایجوکیشن کی اسکالرشپ سے نوازہ گیاجبکہ عارف حبیب کی جانب سے سیکنڈری اسکولز میں ترقیاتی کاموں کے لئے 50لاکھ کا عطیہ پیش کیا گیا۔