نیب کا ادارہ ختم کیا جائے ، مسلم لیگ ن کی قیادت کا مطالبہ

لاہور: مسلم لیگ( ن) کے رہنماشاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حکومت نیب کا ادارہ ختم کردے۔

ن لیگ کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے فیصلے میں نیب کی حقیقت لکھی ہے، نیب اپوزیشن کو پکڑتی ہے لیکن حکومت میں بیٹھے کرپٹ نظر نہیں آتے۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ برادران کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نیب ادارہ ختم ہوگیا، احتساب تماشے کا کھوکھلا پن عوام کے سامنے آگیا ، ملک میں نیب کے ذریعے سیاسی انجینئرنگ کی کو شش کی جا رہی ہے۔

خاقان عباسی نے کہا کہ جہاں ناانصافی ہوگی وہ ملک نہیں چل سکتا،نیب ادارے کا کوئی قانونی جواز نہیں رہا، پارلیمنٹ کو احتساب کا نیا ادارہ بنانا چاہیے، قانون سازی کیلئے اپوزیشن اپنی ذمہ داری ادا کرے گی۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہمیں چور ڈاکو ثابت کرنے کیلئے ایڑھی چوٹی کا زور لگایا گیا، نیب کو ختم کرکے ایسا ادارہ بنایا جانا چاہیے جو آئین و قانون کے تحت فیصلے کرے ۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *