بجلی کے ٹیرف میں ظالمانہ اضافہ فی الفور ختم کیے جائیں، حافظ نعیم الرحمن

کراچی :امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیرنگ کمیٹی پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے، بجلی کے ٹیرف میں ظالمانہ اضافہ فی الفور ختم کیے جائیں۔

کےالیکٹرک کی جانب سےاووربلنگ، لوڈشیڈنگ اوربجلی کی قیمتوں میں مرحلہ وار اضافے کے خلاف قذافی چوک، اورنگی نمبر 01 میں احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ اورنگی کے عوام اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے جماعت اسلامی کی قیادت کا انتخاب کریں، ایم کیو ایم نے کراچی کے شہریوں کے نام پر سیاست کی اور گمنام موت کے حقدار ہوئے۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ جعلی ڈومیسائل کے ذریعے کراچی سے باہر کے لوگوں کو نوکریاں دی گئیں ہیں، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی میں کراچی دشمنی میں مقابلہ چل رہا ہے، ایم کیو ایم کے کسی رکن نے کابینہ میں کراچی کے مسئلہ پر بات نہیں کی،حکمران اسٹیل مل کو بند کرنے کے لیے فیصلے میں جلدی کرتے ہیں لیکن کے الیکٹرک کے معاملے میں مراعات دی جاتی ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ پرائیویٹ کمپنی کو پیسے اس لیے دیے جاتے ہیں کیونکہ ان سب کا حساب بنا ہوا ہے، کے الیکٹرک نے اگر انویسٹمنٹ نہیں کی ہے تو کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لیا جائے اور 15 سال کا فارنزک آڈٹ کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کے خلاف تحریک کا آغاز کردیا ہے، تحریک کو گلی کوچوں سے نکال کر سڑکوں پر لائیں گے،کابینہ کے لوگ بجلی کے بلوں میں مرحلہ وار اضافہ کی بات کرتے ہیں،شرم آنی چاہیئے ایسے حکمرانوں کو جو خراب صورتحال کے باوجود ٹیرف میں اضافے کی بات کررہے ہیں.

امیر کراچی نے مزید کہا کہ شہر بھر کے تمام دفاتر میں کے الیکٹرک کمپلینٹ سیل قائم کردیے گئے ہیں، جماعت اسلامی ہر فورم پر عوام کی ترجمانی کرے گی،شہر کراچی میں چوروں کا ٹولہ مسلط ہے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *