محرم کا چاند نظر نہیں آیا، یکم محرم الحرام 12 ستمبر کو ہوگی

مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے چیرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ محرم الحرام 1440  کا چاند نظرنہیں آیا۔

دریں اثنا آج مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس مفتی منیب الرحمن کے زیرِ صدارت دفتر محکمۂ موسمیات (میٹ کمپلیکس)، موسمیات چورنگی ، یونیورسٹی روڈ کراچی میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے ارکان مولانامفتی محمد ابراہیم قادری،ڈاکٹر عبدالغفور،مولانا محمد یاسین ظفر،مولانا ڈاکٹر عبدالرشید الازہری،مولانا اخوندزادہ سید عبدالمبین شاہ بخاری،مولانا محمد ظفر سعیدی ،مولاناعبدالمالک بروہی ،مولانا حافظ عبیداللہ پنہوار ،مولانا قاری سید اختر شاہ،علامہ پیر سید شاہد علی شاہ جیلانی ،مولانا سید ارشاد حسین شاہ،مولانا سید خالد محمود ندیم ،مولانا عبدالعزیز اشعر،مولانا محبوب علی سہتو،جناب غلام مرتضیٰ ،ڈپٹی چیف منیجر اسپیس سائنس (سپارکو)زونل رویتِ ہلال کمیٹی کراچی سے:علامہ علی کرار نقوی ، مولانا فیروزالدین رحمانی ،مولانا محمد صابر نورانی،قاری محمد اقبال ۔ڈائرکٹر اسپیس سائنس سپارکو غلام مرتضیٰبطور فنی ماہر فنی معاونت کے لئے اجلاس میں شریک ہوئے۔

چیف میٹرولوجسٹ محکمۂ موسمیات عبدالرشید نے اجلاس کے انعقاد کے لئے تمام سہولتیں فراہم کیں،جس کے لئے ہم ان کے شکرگزار ہیں۔

وفاقی وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے ڈائرکٹر جنرل نورسلام شاہ نے اہتمام اور رابطۂ کار کے فرائض انجام دئیے پاکستان بھر میں صوبائی وضلعی اور زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکواٹرز پر منعقد ہوئے۔

ملک بھر میں کسی مقام سے رویت کی شہادت موصول نہیں ہوئی،محکمۂ موسمیات کے تمام مراکز سے بھی عدمِ رویت کی رپورٹ موصول ہوئی ، لہٰذااتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم محرم الحرام 1440  بروز بدھ 12ستمبر کو ہوگی اور یومِ عاشور جمعۃ المبارک21ستمبر کو ہوگا۔

اجلاس میں اہلِ پاکستان اور تمام امّتِ مسلمہ کو نئے قمری سال کی مبارکباد دی گئی اور دعا کی گئی کہ آنے والا سال امّتِ مسلمہ اور اہلِ پاکستان کے لئے امن، عافیت ، سلامتی اور استحکام کا باعث ہو۔

اجلاس میں اتفاقِ رائے سے پوری قوم سے اپیل کی گئی کہ ماہِ محرم الحرام میں امن وامان کے قیام میں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔

تمام مسالک کے خطباء ، واعظین اورذاکرین اپنے خطابات میں ایساانداز اختیار نہ کریں ،جو دوسروں کی دل آزاری کا باعث ہو۔

جمعۃ المبارک کے خطبات میں عوام سے مذہبی رَواداری اور قومی وملی یکجہتی کی اپیل کریں اور ملک کو داخلی وخارجی سطح پرجو انتہائی مشکل حالات دَرپیش ہیں ، اللہ تعالیٰ ملک وقوم کو محفوظ رکھے ۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *