حکومت ایس او پیز کے ساتھ تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت دے، اسلامی جمعیت طلبہ

فیصل آباد:اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم حافظ امان اللہ صابر کا کہنا ہے کہ حکومت فی الفور ایس او پیز کے ساتھ تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت دے۔

حافظ امان اللہ صابر نے کہا کہ حکومت کو تعلیمی پالیسی پر نظر ثانی کر نی ہو گی امسال بجٹ میں تعلیم کے لیے مختص کی گئی رقم پو رے ملک کے طلباءکے ساتھ مذاق کے مترادف ہے، ہم حکومت کوطلبہ کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑکی اجازت نہیں دیں گے،فیسوںمیں اضافہ کرنے کا نوٹس لے اورغریب طلبہ پرتعلیمی اداروںکی جانب سے کیاجاناوالاظلم بندکروایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جامعات کی فیسوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں مالی بحران کی آڑ میں طلبہ سے زائد فیسں وصول کرنے کا فیصلہ انتہائی احمقانہ ہے، تعلیمی اداروںکے اخراجات پورے کرنے کےلئے غریب طلبہ سے زائد فیسیں لینے کے احکامات کو تسلیم نہیں کریں گے اور اس کے خلاف آواز بلند کریں گے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ اخراجات کو کنٹرول کرنے کے لئے بے جا مقاصد پر کئے جانے والے خرچوں کو کنٹرول کیا جائے اور تعلیمی اداروں کے لاکھوں روپے ماہانہ لینے والے افسران کی تنخواہوں میں سے کٹوتی کی جائے۔

ناظم جمعیت کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت تعلیم کے نام پر سیاست کررہی ہے دوسری طرف صوبے کے جامعات کی بڑھتی ہوئی فیسوں اور کرایوں میں اضافے پر خاموشی اختیار کررکھی ہے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے فیسوں میں اضافہ طلبہ کے استحصال کے مترادف ہے اس ناروا عمل سے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول سے بھی دور کیاجارہاہے،اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بڑھتی ہوئی فیسوں میں اضافے کا نوٹس لیاجائے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *