آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کے توشہ خانہ ریفرنس میں وارنٹ گرفتاری جاری جاری کردیے جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی بذریعہ اشتہار طلبی کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے.

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد اصغر علی نے سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے احتساب عدالت میں بتایا کہ اس کیس میں 3 ملزمان ہیں، عدالت نے نواز شریف کے نام کے وارنٹ جاری کیے ہیں.

اس موقع پر نیب نے نوازشریف کو سمن برطانیہ بھجوانے کی رپورٹ عدالت میں پیش کردی اور کہا کہ نواز شریف برطانیہ میں موجود ہیں دفتر خارجہ کے ذریعے وارنٹ بھیجے ہیں۔

آصف زرداری کی جانب سے ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ میں عدالت میں موجود ہوں اورآصف زرداری کی استثنیٰ کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو بتایا کہ کورونا کے دن ہیں، آصف زرداری کی عمر بھی زیادہ ہے، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ آصف زرداری کو کورونا تو نہیں ہے؟

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے عدالت میں کہا کہ فاروق ایچ نائیک کہہ رہے ہیں کہ آصف زرداری کے پیش ہونے سے رش ہو جائے گا، اگر رش ہوجائے گا تو اسے کنٹرول کرنا انتظامیہ کا کام ہے۔

سردار مظفر عباسی نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے ساتھ کوئی رعایت نہ کی جائے اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں، یوسف رضا گیلانی کو عدالت نے استثنا دیا تو آج ان کا وکیل بھی پیش نہیں ہوا، ان کا استثنا بھی ختم کیا جانا چاہیے۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آصف علی زرداری کو ہائیکورٹ نے میڈیکل گراؤنڈز پر ضمانت دی تھی، ان پر کیسز پہلی بار نہیں بنائے گئے، 20 سال سے تو آصف زرداری کے خلاف کیسزبنتے میں دیکھ رہا ہوں۔

جج اصغر علی کے کہا کہ ریفرنس میں نواز شریف کی عدم پیشی پر اشتہار جاری کر رہے ہیں،آصف علی زرداری کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیتے ہیں۔

اس موقع پر احتساب عدالت کے جج نے آصف زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر تے ہوئے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے اور ریمارکس دیئے کہ کرمنل کیس ہے آصف زرداری کو پیش تو ہونا پڑے گا۔

ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت میں کہا کہ وارنٹس تو تب جاری کیے جائیں جب آصف زرداری پیش نہ ہوں، ان کا کہنا تھا کہ میں سینئر وکیل ہوں اور عدالت میں بیان دے رہا ہوں کہ آصف زرداری آئندہ سماعت پر پیش ہوں گے۔

جج اصغر علی نے کہا کہ میں لمبی تاریخ دے دیتا ہوں پھر آصف زرداری عدالت میں پیش ہوجائیں، جس کے بعد احتساب عدالت نے نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی۔

احتساب عدالت نے نواز شریف کے بذریعہ اشتہار طلبی کے احکامات جاری کردیے اور کہا کہ نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد نہ ہو سکا، وہ دانستہ طور پر عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بن رہے ہیں۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *