کورونا : عیدالاضحیٰ کے ایس او پیز کا اعلان 30 جون کو کیا جائے گا، ڈاکٹر ظفر مرزا

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ پر کورونا سے متعلق ایس او پیز کا اعلان 30 جون تک کر دیا جائے گا۔
معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان میں کورونا سے متاثر ہیلتھ ورکرز کی شرح 3 فیصد ہے جب کہ کورونا وائرس کے باعث 43 ہیلتھ ورکرز وفات پا چکے ہیں، ہیلتھ ورکرز کی کیسے مدد کرنی ہے اس کے لیے کام ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ عید کے بعد کورونا وائرس کی ایک لہر آئی تھی، اب ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد شروع ہو چکا ہے، پاکستان کے معاشی حالات کے باعث مکمل لاک ڈاؤن ممکن نہیں ہے، 1300سے زائد ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی کر کےصوبوں کو بتا دیا گیا ہے۔

ظفر مرزا کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ حکومتوں نے سب سے کم توجہ تعلیم اور صحت کے شعبے کو دی، ملک میں صحت کا انفرا اسٹرکچر بھی درست نہیں، جون میں معلوم ہوا کہ صوبوں نے صحت بجٹ پورا استعمال ہی نہیں کیا، سب سے کم صحت کا بجٹ بلوچستان نے استعمال کیا۔

ظفر مرزا نے مزید کہا کہ ریمڈیسویر اور ڈیکسامیتھا سون ادویات بنانےکی منظوری دی ہے، افسوس ہے کہ ڈیکسامیتھا سون کو مارکیٹ سے غائب کر دیا گیا ہے، دونوں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، مارکیٹ میں ریمڈیسویر انجیکشن کی دستیابی یقینی بنانےکے لیے 3 امپورٹرز کو درآمدکی اجازت دی گئی ہے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *