ہری پور DHQ میں ڈائلسز مریضوں کو 2300 والے انجکشن کی مفت فراہمی شروع

مفلوک الحال مریضوں کا ایم ایس ڈاکٹر وحید الرحمان اور دیگر متعلقہ حکام کو خراج تحسین

ہری پور: ہری پور ضلعی ہیڈ کوارٹر اسپتال میں ڈائلسز کے مسائل پر رپورٹ شائع ہونے کے بعد ڈائلسز مریضوں کے لیئے 2300 روپے والا انجکشن مفت فراہم کیا جارہا ہے ۔ مریضوں نے ایم ایس ڈاکٹر وحید الرحمان اور دیگر حکام کوخراج تحسین پیش کیا ہے ۔

الرٹ نیوز پر دو روز قبل ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ہری پور کے ڈائلسز سنٹرمیں سہولیات کی عدم فراہمی سے مفلوک الحال مریضوں کی بے بسی اور کسمپرسی کے اندوہناک تذکرے کے ساتھ ہسپتال انتظامیہ اور دیگرارباب اختیار کو فوری اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے بارے توجہ دلا کر سنگین مسئلہ اجاگر کیا گیا تھا ۔ جس پراللہ کے خاص فضل و کرم سے متعلقہ حکام نے فوری نوٹس لیا اور ڈائلسز مریضوں کے لیے 2000 مہنگے انجکشن متعلقہ حکام کی کاوشوں سے ڈی ایچ کیو ہسپتال ہری پور کے ڈائلسز سنٹر منتقل کر دیئے گئے ہیں ۔

مذید پڑھیں : کورونا ویکسین بنانے والی امریکی ٹیم کا سربراہ مسلمان سائنسدان ہے

جن میں سے ایک انجکشن کی قیمت 2200/2300 روپے بتائی جاتی ہے۔ ایک پریس ریلیز میں ڈی ایچ کیو ہری پور کے ایم ایس ڈاکٹر وحید الرحمان نے عوام الناس کے لیئے پیغام جاری کیا ہے کہ متعلقہ حکام کی مہربانی سے 2000 انجکشن ڈائلسز سنٹرمیں منتقل ہو گئے ہیں ۔جہاں زیرعلاج مریضوں کو مفت دستیاب ہیں ۔ ایم ایس نے متعلقہ حکام کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا ۔

جب کہ مریضوں کے لواحقین نے ایم ایس اور دیگر متعلقہ حکام کو مہنگے انجکشن فراہم کر کے مریضوں کو مفت سہولت فراہم کرنے پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ جس طرح مریضوں کو مفت انجکشن فراہم کیے گئے ہیں ، اسی طرح مزید معاونت کر کے متعلقہ حکام اور ہسپتال انتظامیہ ڈائلسز مریضوں کی جانیں بچا سکتے ہیں ۔ کیونکہ اکثر مریض ڈائلسز کے لیے استعمال ہونے والا سامان اور انجکشن خریدنے کی سکت نہ رکھنے کے باعث جان بلب ہیں ۔

مذید پڑھیں : جیو نیوز نے قادیانیت نوازی کی حد پار کر دی

تاہم اب کچھ معاونت ہوگئی ہے امید ہے حکام مزید مہربانی فرمائیں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران ڈائلسز اخراجات برداشت نہ کرنے کے باعث مبینہ طور پر تین مریض علاج کی امیدلیے دنیائے فانی سے کوچ کر گئے ہیں اور باقی لاچار مریض سنگین صورتحال سے سخت پریشان تھے کہ ایم ایس اور متعلقہ حکام نے لاچار مریضوں کی کچھ ڈھارس بندھائی ۔ مزید براں ڈی ایچ کیو سے ڈائلسز کروانے والے ایک مریض کے نگران نے بتایا ہفتہ میں دو ڈائلسز ہوتے ہیں ۔ جن میں سے ایک پر مریض کا قریبا 4500 روپے خرچ آتا ہے اور اس میں نصف کا انجکشن آتا ہے ، جو مریض خود خرید کر لانے پرمجبورتھے ۔

متاثرہ مریضوں نے امید ظاہر کی کہ ایم ایس کی طرف سے مفت انجکشن فراہمی کے اعلان کے بعد مریض کے ایک ڈائلسز کا قریبا نصف بوجھ مریض کے سرسے اترگیا ہے ۔ اب اسے مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے اور باقی ماندہ نصف خرچ بھی متعلقہ حکام سہار لیں تو غریب و لاچار مریضوں کی مشکلات کا مداوا کرنے کی ممکنہ سعی بطریق احسن کی جا سکتی ہے ۔

Show More

مشرف ہزاروی

مشرف ہزاروی سینئر صحافی ہیں، سماجی اکائیوں کو خوب لکھتے ہیں۔ تعلیم ان کا خصوصی موضوع ہے، متعدد اخبارات، رسائل و جرائد میں بیورو چیف کی حیثیت سے خدمات دی ہیں۔ یوتھ افیئر، انسانی حقوق، خصوصی رپورٹنگ کرتے ہیں۔ الرٹ نیوز کے لیے خصوصی رپورٹس و فیچرز لکھنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close