کراچی : ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن کے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل عبدالمجید میمن کی گراں قدر خدامات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے اور ان کی مغفرت کی دعائیں بھی کی جارہی ہیں ۔
ای او بی آئی کے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل ( شعبہ مالیات و حسابات ) عبدالمجید میمن طویل علالت کے باعث 7 مئی کو رضائے الہٰی سے انتقال کر گئے تھے ۔ مرحوم کا شمار ادارہ کے ابتدائی افسران میں کیا جاتا ہے ۔ آپ نے ادارہ میں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیں ۔
مذید پڑھیں : پنشنرز کی پنشن میں EOBI نے 2 ہزار روپے کمی کر دی
عبدالمجید میمن کا تعلق گجرات ( ہندوستان) کے ایک معزز خاندان سے تھا۔ آپ کے والد عثمان عیسیٰ بھائی میمن مسلم لیگ گجرات کے صدر اور تحریک آزادی کے ایک سرگرم رہنماء تھے ۔ جنہوں نے مسلم لیگ فنڈ کے لئے قائد اعظم کو گجرات مدعو کیا تھا اور فنڈ اکٹھا کرنے کی مہم میں قائد اعظم کے ساتھ شانہ بشانہ شریک رہے اور مسلم لیگ فنڈ کے لئے گجرات کی کاروباری شخصیات اور اداروں سے لاکھوں روپے چندہ اکٹھا کیا تھا ۔
قائد اعظم عثمان عیسیٰ بھائی میمن کو بیحد عزیز رکھتے تھے ۔ تحریک آزادی میں ان کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں کراچی کی شارع فیصل سے متصل ایک سڑک کو عثمان عیسیٰ بھائی میمن سے منسوب کیا گیا ہے ۔ عبدالمجید میمن ادارہ کی ملازمت سے سبکدوشی کے بعد ذہنی معذور بچوں کے ادارہ ماں عائشہ ٹرسٹ سے وابستہ ہو گئے تھے ۔