کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کے بعد پی ٹی آئی کے ایک اور ایم این اے آفتاب جہانگیر پارٹی سے ناراض ہوگئے۔
آفتاب جہانگیر نے آڈیو پیغام کے ذریعے پی ٹی آئی سے احساس محرومی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ہم بھی کراچی سے منتخب ہوئے ہیں لیکن افسوس ہےکہ چاہے اسلام آباد ہو یا کراچی ہمیں نظر انداز کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سے ملاقات ہو یا ادارہ نورحق کا دورہ ہمیں نظر انداز کیا جارہا ہے ہم سے پوچھا نہیں جارہا ہے۔
آفتاب جہانگیر نے پی ٹی آئی کے صدارتی امیدوار ڈاکٹرعارف علوی سے مطالبہ کیا کہ ‘آپ کراچی کے بڑے ہیں یہ معاملات دیکھیں’۔
آفتاب جہانگیر کا ویڈیو پیغام بھی سامنے آگیا
دوسری جانب آفتاب جہانگیر نے ویڈیو پیغام بھی جاری کیا جس میں انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ آڈیو پیغام سے تاثر دیا جارہا ہے کہ کوئی ناراضگی ہے، آڈیو بیان میں کراچی کی قیادت کو مخاطب کیا تھا، ایم این ایز کو شکایات تھیں اس لئے عارف علوی کو مخاطب کیا۔
ان کا کہنا تھاکہ اگر کسی سیاسی جماعت سے بات کرنے جائیں تو ہمیں اعتماد میں لیں، میں نے کہا تھا کہ ہمیں نظر انداز کیا جارہا ہے، تحریک انصاف کراچی کی تنظیم پر پورا اعتماد ہے، میں کسی فاروڈ بلاک کا حصہ نہیں ہوں، ووٹ عمران خان اور ان کے ویژن کو پڑا ہے۔
یاد رہے کہ آفتاب جہانگیر کراچی کے حلقہ این اے 252 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔