نوشہرو فیروز: وین اور ٹرالر کے تصادم میں 7 جاں بحق، 16 زخمی
نوشہرو فیروز کے قریب مورو نیشنل ہائی وے پر چار میل کے مقام پر ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں وین اور ٹرالر کے درمیان شدید تصادم ہوا۔ حادثے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوگئے۔
حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور جاں بحق افراد کو مورو ہسپتال منتقل کیا۔ تاہم، ہسپتال میں سہولیات کی کمی کے باعث زخمی شدید مشکلات کا شکار رہے۔ 10 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں نوابشاہ کے ہسپتال ریفر کردیا گیا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں علی محمد، ظہیر تگر، مولا بخش، فیصل، 12 سالہ فضا، مسمات شریفاں، اور جلال تگر شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک وین شادی کی تقریب سے حیدرآباد سے واپس نوشہرو فیروز جا رہی تھی۔ وین کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔
عینی شاہدین اور متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ مورو ہسپتال میں ایمرجنسی کے باوجود سہولیات کا فقدان تھا، جس کی وجہ سے زخمی افراد کو بروقت طبی امداد نہیں مل سکی۔
حادثے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ متاثرہ خاندانوں نے ہسپتال انتظامیہ کی غفلت پر سخت احتجاج کیا ہے۔