اتوار, دسمبر 22, 2024

چاند نظرنہیں آیا، یکم جمادی الاوّل ۵۴۴۱؁ھ16نومبر2023 بروز جمعرات کو ہوگی

اسلام آباد (پ ر) ماہ جمادی الاوّل ۵۴۴۱؁ھ کا چانددیکھنے کیلئے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت زونل رؤیت ہلال کمیٹی اسلام آباد کا اجلاس بمقام وزارت مذہبی اْمور و بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان کوہسار کمپلیکس پاک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں رابطہ کے فرائض ڈائریکٹر جنرل وزارت مذہبی امورپاکستان سید مشاہد حسین خالداور ڈاکٹر شاہد الرحمن جبکہ فنی معاونت کیلئے وزار تِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے زین العا بدین،محکمہ موسمیات سے چیف میٹ ڈاکٹر سردار سرفراز اور محکمہ سپارکو سے غلام مرتضیٰ ٹیلی فون پر اپنی خدمات سر انجام دیں۔

مرکزی و زونل رؤیت ہلال کمیٹی اسلام آباد کے ممبران میں مفتی ضمیر احمد ساجد،مفتی محمد اقبال نعیمی،مفتی عبدالسلام جلالی،مولانا ابو بکر صدیق،مولانا ہارون الرشید بالاکوٹی،علامہ سجاد حسین جوادی،پیر محمد ممتاز احمد ضیاء نظامی و دیگرحضرات علماء کرام میں پیر سید عمر فاروق شاہ،مولانا عابد اسرار،مولانا پیر بلال گولڑوی،علامہ مصطفی حیدر نقوی شامل تھے۔

اس کے علاوہ پاکستان بھر میں زونل رؤیت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرزلاہور،کوئٹہ، پشاور،کراچی میں منعقد ہوئے‘ جس میں مرکزی و زونل رؤیت ہلال کمیٹیوں کے ممبران اور فنی ماہرین نے شرکت کی۔

مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد چیئر مین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کے اکثرو بیشتر مقامات پرمطلع صاف رہااورکچھ مقامات پر مطلع ابر آلود بھی رہا،پاکستان کے کسی بھی مقام سے ماہ جمادی الاوّل کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی اور عدم رؤیت رہی۔

لہذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم جمادی الاوّل ۵۴۴۱؁ھ16نومبر2023ء بروزجمعرات کو ہوگی،مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ سعودی عرب میں اسلامی سربراہی کانفرنس میں غزہ اسرائیل جنگ بندی کے حوالے سے جو مؤقف اور اعلامیہ پیش کیا گیا وہ پوری اُمت مسلمہ کی آواز ہے۔

پیغام پاکستان،پاکستان کا وہ عظیم بیانیہ ہے جس نے دہشت گردی،انتہاء پسندی اورفرقہ واریت کے خاتمے کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے اسے ہم ہر گھر کی آواز بنا دیں گے،آج پوری پاکستانی قوم فلسطین و غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے، اجلاس کے آخر میں فلسطین اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی، عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، ملک پاکستان کی سلامتی و استحکام‘ ترقی وخوشحالی،اتحادووحدت کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں